چیئرمین کرناٹک مائناریٹی کمیشن یو نثاراحمدکوخواجہ فرید الدین کی یادداشت پیش
گلبرگہ۔ 15؍جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یو نثاراحمد چیرمین کرناٹک اسٹیٹ مینارٹی کمیشن کی بنگلور سے کلبرگی آمد پر قدیم ZPہال میں اقلیتی طبقہ سے شکایات کی سنوائی کے لئے ایک اجلاسطلب کیا گیا تھا جس میں اقلیتی طبقہ کے مختلف قائدین اور سماجی کارکنان کے ساتھ ساتھ جناب خواجہ فریدا لدین انعامدار،مؤظف محکمہ پولیس، محب اردو وسماجی جہدکار نے اجلاس میں شرکت کرتیہوئے چیرمین کے سامنے اردو کی ایسی پرانی اسکیمات جو بندکی گئی ہیں انہیں دوبارہ جاری کرنے کے لئے درج ذیل نکات بذریعہ یادداشت پیش کیں (َ۔ ۱) ریمیڈیل ٹیچنگ دوبارہ شروع کی جائے۔ اس سے طلبہ وطالبات کو کافی فائدہ ہوتاہے اور جو بے روزگار ہیں اور تربیت یافتہ گریجویٹ ہیں ان کو بھی روزگار مل جاتا ہے اور انہیں تعلیم دینے کاتجربہ بھی ساتھ ہی ساتھ ہوجاتاہے۔ (۲)پرائمری، ہائی اسکول، پی یو، ڈگری اور میڈیکل سائنس کے علاوہ انجینئرنگ کرنے والے طلبہ وطالبات کو فوری طورپر اسکالرشپ جاری کی جائے (۳)ہائیرپرائمری اسکول جماعت ہشتم کے ایسے مدارس کو اپ گریڈ کرتے ہوئے وہاں جماعت نہم کی اجازت دی جائے جہاں لڑکیاں زیرتعلیم ہوں، کیوں کہ 95%طالبات (لڑکیاں) اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرتی ہیں، کہیں ایسانہ ہوکہ ہائی اسکول ان کے اپنے قریہ اور گاؤں میں نہ ہونے کے سبب وہ تعلیم سے باہر DropOutہوجائیں۔ (4) سرکاری اردو اسکولوں میں جہاں بھی جائیدادیں (Vaccancies)خالی ہیں ان خالی جائیدادوں کو پرکیاجائے۔ امدادی (AIDED) اسکولوں کی خالی آسامیوں کو بھی پرکیاجائے اور جگہ پرہونے تک وہاں گیسٹ ٹیچر کاتقررکرتے ہوئے اس کی تنخواہ KKRDBسے جاری کی جائے۔ (۵)تعلقہ اور ضلع سطح پرجو اردو میلے ہواکرتے تھے، کچھ سال سے بند ہیں اوربھی اضافی نیابجٹ دیتے ہوئے دوبارہ اردو میلوں کے انعقاد کی اجازت دی جائے کیوں کہ ان میلوں سے طلبہ وطالبات کی معلومات میں اضافہ ہوتاہے اور ان کی صلاحیتیں کھل کر سامنے آتی ہیں۔جس سے طلبہ وطالبات کی تعلقہ، ضلع اور ریاستی سطح پر حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ (۷) ہمارے کلیان کرناٹک میں جو بھی طلبہ وطالبات پی یوسی سکنڈ، ڈگری کامیاب ہوتے ہیں ایسے طلبہ وطالبات کو CET,TETکی ضلع سطح کلاسیس کیلئے کلیان کرناٹک اسپیشل Provisionدفعہ 371(J)کے تحت بجٹ جاری کیاجائے۔ (۸)ہائی اسکول میں فزیکل ٹیچر کو اردو آنا لازمی ہے کیوں اس کانصاب اردو ہی میں ہوتاہے۔ Hrps,Lpsاوردیگرمیں کنڑا ٹیچر اور انگریزی ٹیچر کواردو آنالازمی ہے کیوں کہ یہ اردو اسکول کے طلبہ کو پڑھاتے ہیں۔ انہیں لازماً اردو آنی چاہیے ہوتی ہے۔ جناب خواجہ فریدالدین انعامدار نے تحریری طورپرمذکورہ نکات کے تحت میمورنڈم دینے کے علاوہ مینارٹی چیرمین سے زبانی بات چیت کی اور اپنے میمورنڈم کو مختصر طورپر بیان بھی کیا۔ جناب یونثار احمد چیرمین کرناٹک اسٹیٹ مینارٹی کمیشن نے خوا جہ فریدالدین انعامدار سے وعدہ کیاکہ وہ ان نکات پر غور کریں گے اور حتی الامکان تمام نکات پر قانون کے دائرہ میں عمل کیاجائے گا۔