سرکاری اسکولوں میں داخلے کیلئے اردو طلبہ کی بیداری ریالی

   

بھینسہ ڈویژن کے موضع اولہ میں پروفیسر جیا شنکر بڈی باٹا پروگرام کے تحت اسکولی طلبہ کی بھاری ریلی نکالی گئی،جس میں منڈل پریشد پرائمری اردو اسکول اور ضلع پریشد ہائی اسکول کے سینکڑوں طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ اس موقع پر پانچ سال مکمل کرنے والے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخلہ دلوانے کی مہم چلائی گئی۔ طلبہ نے ہمارا گاؤں۔۔ہمارا اسکول ، سرکاری اسکول میں داخلہ لیں گے۔ خانگی اسکول کو خیرباد کہیں گے، ہم سب پڑھیں گے۔ آگے بڑھیں گے، جیسے نعرے بلند کئے۔ اس موقع پر سر پنچ مسز کنیز فاطمہ نے کہاکہ ریاستی حکومت نے جاریہ تعلیمی سال سے تمام اسکولوں میں انگلش میڈیم کا آغاز کیا،تاکہ دیہی علاقوں میں غریبوں کے بچے بھی سرکاری اسکولوں میں انگریزی میڈیم میں معیاری تعلیم حاصل کرسکیں۔انھوں نے واضح کیاکہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کو مفت درسی کتب ، مفت یونیفارمس اور دوپہر کا کھانا مفت فراہم کیا جاتا ہے۔ انھوں نے والدین کو اپنے اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں داخلہ دلوانے کا مشورہ دیا۔ اس ریلی میں موضع کی سرپنچ مسز کنیز فاطمہ، ولیج ڈیولپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین شری رگھورام ، ایم پی پی ایس کے صدر مدرس ساجد معراج، زیڈ پی ایس ایس کے صدر مدرس سنیل کمار ریڈی اساتذہ کرام جمیل احمد، شیخ محبوب، نعیم بیگم ،وی ویز مہرالنساء، حسینہ بیگم نے شرکت کی۔