ٹیچرس ڈے پروگرام ‘ڈپٹی چیف منسٹر ملوبھٹی وکرامارک کا اعلان
حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک نے کہا کہ اندراماں راجیم میں ٹیچرس کو اولین ترجیح رہے گی اور حکومت اساتذہ کا مکمل احترام کرے گی۔ یوم اساتذہ کے موقع پر حیدرآباد کے رویندرا بھارتی میں منعقدہ ایک پروگرام میں 41 اساتذہ کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ دیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ ریاست کے جملہ 27,862 گورنمنٹ تعلیمی اداروں کو حکومت کی جانب سے مفت برقی سربراہ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اس پروگرام میں شریک ہونے والے تھے تاہم ریاست میں سیلاب کے مسائل کی وجہ سے پروگرام میں شرکت نہیں کرسکے۔ ملو بھٹی وکرامارک نے کہا کہ ہمارا موجودہ تعلیمی نظام کمپنیوں کی ضرورت کے مطابق نہیں ہے۔ ریاستی تعلیمی نظام کو مزید تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ طلبہ کی صلاحیتوں کو اُبھارنے کیلئے اسکل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جارہاہے۔ ہم ریاست میں آئی ٹی آئیز کو جدید ٹکنالوجی مراکز میں تبدیل کررہے ہیں۔ ہماری حکومت ریاست کے طلبہ کو بین الاقوامی سطح پر مسابقت کرنے کی تربیت دینا چاہتی ہے۔ سماج کو صحیح راستہ دکھانے میں ٹیچرس کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ خوش قسمتی سے ہماری ریاست میں مثالی اساتذہ موجود ہیں۔ حکومت کے فیصلوں کو اساتذہ بخوبی عمل کررہے ہیں۔ سرکاری اسکولس میں انگریزی میڈیم کو پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر نافذ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ سے معاشرہ میں مثبت تبدیلی آرہی ہے۔ حکومت نے طویل عرصہ سے زیر التواء ٹیچرس کے تبادلوں اور ترقی کے عمل کو مکمل کیا ہے۔ 11 ہزار ٹیچرس کے تقررات کیلئے ڈی ایس سی کا انعقاد کیا جارہاہے۔ مزید 6 ہزار ٹیچرس کے تقررات کیلئے ایک اور ڈی ایس سی کا انعقاد کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ تعلیمی نظام کو جوابدہ اور مستحکم بنانے حکومت سے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔2