سرکاری تقررات کیلئے سرگرمیوں کا آغاز

   

چیف سکریٹری نے مختلف محکمہ جات کا اجلاس طلب کیا
حیدرآباد۔17۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں مخلوعہ جائیدادوں سے متعلق تفصیلات حاصل کی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر کے اسمبلی میں کئے گئے اعلان کے مطابق عہدیداروں نے تقررات کا عمل شروع کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ سومیش کمار نے محکمہ جات ، فینانس ، جی اے ڈی ، تعلیم ، صحت ، ہوم اور دیگر محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز اور سکریٹریز کے ساتھ اجلاس میں مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کی ہیں۔ عہدیداروں نے اپنے اپنے محکمہ جات میں مختلف سطح پر مخلوعہ جائیدادوں سے چیف سکریٹری کو واقف کرایا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ تمام محکمہ جات سے تفصیلات کے حصول کے بعد تقررات کی منظوری محکمہ فینانس سے حاصل کی جائے گی۔ تقررات سے قبل محکمہ فینانس کے احکامات کی اجرائی ضروری ہے جس کے بعد پبلک سرویس کمیشن یا پھر محکمہ جاتی رکروٹمنٹ بورڈس کے ذریعہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے 80 ہزار سے زائد جائیدادوں پر راست تقررات اور 11 ہزار سے زائد کنٹراکٹ ملازمین کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف سکریٹری کو تمام محکمہ جات سے مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات حاصل کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک کم از کم ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے حکومت کی سنجیدگی کو ثابت کیا جائے۔ر