رشوت خوری کے خلاف سخت اقدامات ، محبوب نگر میں کلکٹر کا انتباہ
محبوب نگر ۔ 13 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : سرکاری دفاتر کو بدعنوانیوں سے پاک کرنے کے لیے کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی ۔ ان عزائم کا اظہار ضلع کلکٹر رونالڈ روز نے ضلع پریشد میٹنگ ہال میں ’ ہمارا بھروسہ ‘ مہم کے پوسٹرس کی رونمائی کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے رونمائی کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سماج میں ایک عام تاثر پیدا ہورہا ہے کہ سرکاری دفاتر میں رشوت دئیے بغیر کام ہونا مشکل ہے ۔ عوام کو اندیشوں سے دور رکھنے کے لیے ہی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ضلع کلکٹر کے ہمراہ جوائنٹ کلکٹر سورنا لتا اور ٹرینی کلکٹر کرانتی و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری دفاتر میں کوئی بھی رشوت طلب کرتا ہے تو شکایت کے لیے 08542-241165 پر فون کیا جاسکتا ہے ۔ کام طویل عرصہ سے رکا ہے یا پھر رشوت طلب کی جارہی ہے تو فوری فون کریں ۔ 24 گھنٹوں میں اس کی یکسوئی کرلی جائے گی ۔ میٹنگ میں موجود محکمہ مال ، جنگلات و دیگر محکمہ جات کے عہدیداران نے بھی تیقن دیا کہ اس مہم کو صد فیصد کامیاب بنایا جائے گا ۔ فون پر آنے والی شکایات کی تحقیقات کے بعد کارروائی کی جائے گی ۔۔
