مریضوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ پر محکمہ صحت کے ملازمین کی رخصتیں منسوخ
حیدرآباد۔7 جنوری(سیاست نیوز) ریاستی محکمہ صحت کی جانب سے ریاست کے سرکاری دواخانو ںمیں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس اور عملہ کی رخصتوں کو منسوخ کرنے کے فیصلہ اور کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں مریضوں کی تعداد میں تیزی سے ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس‘ گاندھی ہاسپٹل ‘ نیلوفر ہاسپٹل ‘ چیسٹ ہاسپٹل کے علاوہ کنگ کوٹھی دواخانہ کے ڈاکٹرس اور عملہ کی رخصتوں کو منسوخ کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر خدمات سے رجوع ہونے کے لئے تمام دواخانو ںکے سپرنٹنڈٹ کی جانب سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔محکمہ صحت کے عہدیداروں کے مطابق ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے کئے جانے والے اقدامات میں رخصتوں کی تنسیخ کے فیصلہ کے علاوہ ادویات کی خریدی اور اسٹاک کرنے کی ہدایات دی جاچکی ہیں۔ ڈائریکٹر محکمہ صحت ڈاکٹر جی سرینواس راؤکی جانب سے جاری کی جانے والی ہدایات کے سلسلہ میں ڈاکٹر راجہ راؤ سپرنٹنڈنٹ گاندھی ہاسپٹل نے بتایا کہ مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ اورسرکاری دواخانوں میں موجود سہولتوں کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔انہو ںنے بتایا کہ گاندھی ہاسپٹل میں پی پی ای کٹس‘ معائنہ کے کٹس‘ ادویات کے علاوہ آکسیجن ماسک اور دیگر اشیائے ضروریہ کا اسٹاک موجود ہے اور ڈاکٹرس اور طبی عملہ جو رخصت پر ہے ان تمام کو واپس خدمات سے رجوع ہوجانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔