چیف منسٹر کے ہاتھوں گاندھی ہاسپٹل میںاسکیم کے مرکز کا افتتاح متوقع
حیدرآباد۔26اکٹوبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے تمام سرکاری دواخانوں میں 5روپئے میں کھانے کی اسکیم کا جلد آغاز کیا جائے گا اور توقع کی جا رہی ہے کہ گاندھی ہاسپٹل میں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ 5روپئے میں کھانے کے مرکز کا افتتاح انجام دیں گے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں شروع کی جانے والی 5روپئے میں کھانے کی اسکیم’’اناپورنا‘‘ کو حاصل ہونے والی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ریاست کے دیگر شہری اضلاع میں بھی اس اسکیم کو شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی لیکن گذشتہ چند ماہ کے دوران ریاست میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کے علاوہ سرکاری دواخانوں میں مریضوں کے ساتھ رہنے والے رشتہ دارو ںکو کھانے کی سہولت کے لئے اقدامات کے سلسلہ میں تیار کئے گئے منصوبہ کے دوران تمام سرکاری دواخانوں میں ’’اناپورنا‘‘ مراکز کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا تھا اور ان اناپورنا مراکز کے قیام کے سلسلہ میں تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل سرویس اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے فوری طور پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود سرکاری دواخانوں میں اقدامات کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ تین ماہ کے دوران ریاست کے تمام اضلاع میں موجود دواخانوں میں اس سہولت کے آغاز کو مرحلہ وار انداز میں مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں موجود سرکاری دواخانوں میں انا پورنا اسکیم کے آغاز کے سلسلہ میں تجاویز حکومت اور محکمہ صحت کو روانہ کی جاچکی تھیں اور انہیں منظوری بھی حاصل ہوچکی ہے لیکن تکنیکی خامیوں کے سبب اس اسکیم کے آغاز میں تاخیر ہوئی ہے لیکن آئندہ ماہ کے اوائل میں اس اسکیم کے آغاز کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جار ہی ہے کہ گاندھی ہاسپٹل میں قائم کئے جانے والے ’’اناپورنا‘‘ مراکز کے افتتاح کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مدعو کیا جائے۔ محکمہ صحت کے اس منصوبہ کا دسہرہ کے تعطیلات کے دوران ہرے کرشنا مشن کے ذمہ داروں نے تجربہ کرلیا ہے اوران کا کہناہے کہ یہ تجربہ کامیاب رہا ہے ۔ دسہرہ کی تعطیلات کے دوران کئے گئے تجربہ کے متعلق کہا جا رہاہے کہ تعطیلات کے سبب مریضوں کے رشتہ داروں کو سہولت کی فراہمی کے ذریعہ 5 روپئے میں کھانے کی اسکیم متعارف کرتے ہوئے عوامی ردعمل کے علاوہ دواخانوں تک غذاء کی فراہمی کے امور میں ہونے والی دشواریوں کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں دور کرنے کے اقدامات بھی کئے جاچکے ہیں۔م
