گورنمنٹ ہاسپٹل نظام آباد کا جائزہ، صدر نشین اقلیتی کمیشن طارق انصاری کا دورہ
نظام آباد۔ 5 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی اقلیتی کمیشن کے صدرنشین طارق انصاری نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی صحت پالیسی کے مطابق تمام طبقات کو بہتر اور معیاری طبی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ عوام میں سرکاری دواخانوں پر اعتماد بحال ہو سکے صدر نشین اقلیتی کمیشن مسٹر طارق انصاری نظام آباد کے سرکاری جنرل ہاسپٹل (جی جی ایچ) اور گورنمنٹ میڈیکل کالج کا تفصیلی دورہ کیا اور ہر شعبہ کا جائزہ لیتے ہوئے موجود سہولیات اور درکار بنیادی ڈھانچہ سے متعلق معلومات حاصل کی۔جی جی ایچ کے دورہ کے دوران سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سرینواس کے ہمراہ مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جا رہی سہولیات کا بغور جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ دواخانہ میں علاج کے ساتھ ساتھ تمام ضروری ادویات کی بلا تاخیر دستیابی کو یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور وزیر صحت دامودھر راج نارسمہا کی قیادت میں سرکاری دواخانوں کو درکار تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈاکٹرس اور میڈیکل اسٹاف کو ہر مذہب و ملت کے مریضوں کو مساوی اور انسانیت پر مبنی طبی خدمات فراہم کرنی چاہئیں۔انہوں نے ڈاکٹروں کو مشورہ دیا کہ وہ ہر مریض کے ساتھ خدمت کے جذبہ سے پیش آئیں، ان کے جذبات و احساسات کا احترام کریں اور علاج سے متعلق تفصیلات ان کے اہل خانہ کو بھی بروقت فراہم کریں تاکہ مریضوں میں اعتماد پیدا ہوسکے۔بعد ازاں انہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر کرشنا موہن کے ساتھ میڈیکل کالج کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ جی جی ایچ دواخانہ میڈیکل کالج سے منسلک ہے اس لیے طلبہ اور مریضوں دونوں کو اس سے مکمل استفادہ پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے کمیونٹی ہیلتھ کیمپس کے انعقاد، طبی طلبہ کی عملی تربیت اور دونوں اداروں کی مجموعی کارکردگی سے متعلق رپورٹ کمیشن دفتر کو روانہ کرنے کی ہدایت دی۔اس موقع پر ڈاکٹر سرینواس اور ڈاکٹر کرشنا موہن نے طارق انصاری کا پُرجوش خیرمقدم کیا اور گلدستے پیش کیے۔ اجلاس میں مختلف شعبوں کے ہیڈس، ڈاکٹرس، پروفیسرز، اسوسی ایٹ پروفیسرز اور میڈیکل آفیسرس نے شرکت کی۔