نظام آباد گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل اور میڈیکل کالج کا ضلع کلکٹر و دیگر کا دورہ
نظام آباد: 26؍ جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع نظام آباد کے سرکاری جنرل ہاسپٹل اور میڈیکل کالج کا معائنہ کرتے ہوئے کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی اور ریاستی محکمہ صحت کے ڈائریکٹر ڈاکٹررویندر نائیک نے طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دواخانے کے مختلف شعبہ جات آئی سی یو، آر آئی سی یو، لیباریٹری، بلڈ بینک اور ٹی ہب کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اسی طرح میڈیکل کالج کے فزیالوجی، اناٹومی، ہیماٹولوجی لیباریٹریز، لائبریری، لکچر ہال اور دیگر شعبوں کا بھی دورہ کیا۔ بعد ازاں گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں تمام شعبہ جات کے سربراہان کے ساتھ تفصیلی اجلاس منعقدہ کیا گیا جس میں فراہم کی جارہی طبی خدمات، عملہ کی تعداد، خالی جائیدادوں سہولتوں کی دستیابی اور درکار نئی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کلکٹر نے عہدیداران کو ہدایت دی کہ تمام سہولتیں نیشنل میڈیکل کونسل (این ایم سی) کے رہنما خطوط کے مطابق دستیاب ہوں۔ اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سرینواس اور میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شیوا پرساد کو ہدایت دی گئی کہ مطلوبہ نئی مشینری، آلات اور سہولتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ایک جامع رپورٹ پیش کی جائے تاکہ حکومت کو بہتری کے لیے تجاویز روانہ کی جاسکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر اسپتال یا کالج کے نظم و نسق میں کوئی دشواری ہو تو اسے فوری طور پر اعلیٰ حکام کی توجہ میں لایا جائے۔ کلکٹر نے کہا کہ حکومت عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل فراہم کر رہی ہے اور اس عزم کے تحت ہر محکمہ کو اپنی ذمہ داریاں خلوص اور سنجیدگی سے نبھانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور وہ خود باقاعد معائنہ کرتے رہیں گے۔ اس معائنہ کے دوران ڈی ایم ایچ او ڈاکٹر راجیشری اور مختلف طبی شعبہ جات کے سربراہان بھی موجود تھے۔