سرکاری قرض اسکیمات اور کاروباری حضرات

   

محمد عبدالمعز خان
پارٹنر خان اینڈ کمپنی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ
مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے چھوٹے بیوپاریوں، تاجرین اور صنعت کاروں کو بااختیار بنانے اور ان کے کاروبار و تجارت کو فروغ دینے خاص طور پر مالیہ فراہم کرنے کیلئے کئی اسکیمات موجود ہیں‘ لیکن اقلیتی تاجرین اور کاروباری حضرات جو چھوٹے اور متوسط کاروبار یا تجارت سے وابستہ ہیں‘ ان لوگوں میں اِن اسکیمات کے بارے میںکوئی شعور نہیں پایا جاتا۔ ایسے میں ادارہ ’سیاست‘ نے خان اینڈ کمپنی چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے پارٹنر محمد عبدالمعز خان کی مدد سے شعور بیدار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ اپنے مضمون میں سوال و جواب کی شکل میں سرکاری اسکیمات سے واقف کروائیں گے۔
( ادارہ ’سیاست‘)
گذشتہ ہفتہ ہم نے آپ کو سوال و جواب کی شکل میں مختلف سرکاری اسکیمات اور ان سے کیسے استفادہ کیا جائے یہ بتایا تھا۔ آپ سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ کوئی بھی کاروبار شروع کرنے یا اسے جمانے کیلئے مالیاتی نمو یا فینانشیل گروتھ بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے، اور کاروباری حضرات کیلئے یہ ضروری ہوجاتا ہے کہ وہ اپنے کاروبار کو آگے بڑھانے کے لئے قرض کے ذریعہ فنڈنگ ( مالیہ کی فراہمی ) کے صحیح امکانات تلاش کریں۔ یہاں تک کہ ایسے کاروباری حضرات جن کا اچھا خاصا کاروبار ہے باالفاظ دیگر مستحکم کاروبار ہے اور ان کا آپریشنل ریکارڈ بھی بہت اچھا ہے اس کے باوجود انہیں کاروبار کو توسیع دینے diversification کیلئے فینانسنگ کے صحیح امکانات تک رسائی حاصل کرنے میں اکثر چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ اسٹارٹ اَپس متعدد سرکاری حمایت یافتہ اسکیمات سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہیں‘ اس ضمن میں ہم آپ کو یہ بتانا چاہیں گے کہ تین سال سے زیادہ عرصہ سے جاری کاروبار کو محفوظ اور غیر محفوظ قرضوں کے ایک وسیع رینج تک رسائی حاصل ہوتی ہے جو ان کی بڑھتی کاروباری اور قرض کی ضروریات کو صحیح طریقہ سے شناخت کرتے ہیں تاہم جو حقیقی چیلنج ہے وہ صحیح قرض پراڈکٹ کی شناخت کرنا، اور اس کی درست ساخت تیار کرنا ہے۔ یہ ایسے اقدامات ہیں جنہیں اکثر کاروباری حضرات نظرانداز کردیتے ہیں۔ ہم آپ کو اب ان عام غلطیوں کے بارے میں بتاتے ہیں جو آپ کی کاروباری ترقی کے عمل کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
کاروباری ترقی کو نقصان پہنچانے والی عام غلطیاں :۔ عام کاروباری غلطی جو ہم اکثر دیکھتے ہیں وہ قلیل مدتی سہولتوں جیسے کیش کریڈٹ (CC) یا اوور ڈِرافٹ کا استعمال ہے جو طویل مدتی اثاثوں کی خاطر مالیہ کے حصول کیلئے کئے جاتے ہیں۔ مثال کے طور پر مشنری کی خریدی اور گنجائش میں توسیع کیلئے کیش کریڈٹ (CC) یا اوور ڈِرافٹ کا استعمال کیا جاتا ہے چنانچہ قرض کی قسم اور اثاثوں کی زندگی کے درمیان یہ عدم مماثلت قرض لینے کے زیادہ اخراجات ہوتے ہیں۔ مزید برآں یہ کہ بینکس اکثر کاروبار کے امکانات و مواقع کو پوری طرح سے سمجھنے میں ناکام رہتے ہیں اور نتیجہ میں کاروبار کیلئے جتنی رقم بطورِ قرض حاصل کرنے کے کاروباری مستحق ہوتے ہیں اس سے بہت کم رقم کی بطورِ قرض پیشکش کی جاتی ہے۔ یہ منقطع مالیاتی منصوبہ بندی اور قرض کی نامکمل تجاویز کی وجہ سے ہے جو کاروبار کی حقیقی طاقت‘ مستقبل کے منصوبوں اور فنڈنگ کی ضروریات کو مؤثر طریقہ سے ظاہر ہیں کرتے ہیں۔ درجِ ذیل سوالات و جوابات کا مقصد چل رہے کاروبار اور کاروباری حضرات کی طرف سے اُٹھائے جانے والے مسائل کو حل کرنا ہے، اور ان سوالات کے جواب دینا ہے جو اکثر و بیشتر کئے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی کاروباری حضرات کی قرض سے متعلق اسکیمات سے استفادہ کیلئے رہنمائی کرنا ہے۔
سوال : … محفوظ اور غیر محفوظ قرض جو کاروبار کیلئے حاصل کئے جاتے ہیں ان کے درمیان کیا کلیدی فرق پایا جاتا ہے؟
جواب ; … محفوظ قرضوں کیلئے ضمانت دینے کی ضرورت ہوتی ہے جیسے کہ جائیداد انوینٹری یا مشنری بطورِ ضمانت پیش کرنی ہوتی ہے، اس کے عوض وہ کم شرح سود اور زیادہ قرض کی رقم پیش کرتے ہیں۔ دوسری طرف غیر محفوظ قرضوں کیلئے ضمانت کی ضرورت نہیں ہوتی ہے لیکن یہ زیادہ شرح سود اور اہلیت کے سخت معیار و شرائط کے ساتھ آتے ہیں۔
سوال: … پہلے سے ہی قائم کاروبار یا جاری کاروبار کیلئے مقبول محفوظ قرض کے کچھ امکانات ؍ مواقع کیا ہیں؟
جواب ; … عام محفوظ قرض پراڈکٹ میں مدتی قرض‘ جائیداد کے عوض قرض‘ ورکنگ کیاپٹل لونس اور مشنری قرض شامل ہیں۔
ٹرم لونس ( مدتی قرض ):۔ کاروبار کو توسیع دینے یا کاروبار بڑھانے، اثاثوں کی خریدی اور پراجکٹ فینانسنگ کیلئے یہ قرض دیا جاتا ہے یا حاصل کیا جاتا ہے۔
جائیداد کے عوض قرض (LAP) :۔ کم شرح سود پر فنڈس (مالیہ ) اکٹھا کرنے کیلئے رئیل اسٹیٹ سے فائدہ اُٹھانا۔
ورکنگ کیاپٹل لونس :۔ روز مرہ کی آپریشنل ضروریات کیلئے۔
مشنری لونس ( مشنری قرض ) :۔ مشنری؍ آلات کی خریدی کیلئے بطورِ خاص یہ ڈیزائن کیا گیا ہے۔
سوال : … جائیداد کے عوض قرض کاروبار کیلئے فنڈنگ کے معاملہ میں کیسے کام کرتا ہے۔؟
جواب ; … جہاں تک جائیداد کے عوض قرض کا سوال ہے یہ کاروباریوں کو رہائشی یا تجارتی جائیداد کی فنڈنگ حاصل کرنے کی اجازت دیتا ہے اور وہ بھی کم شرح سود اور طویل مدت تک، فنڈنگ ضروریات کیلئے یہ امکان بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے جیسے توسیع یا تنوع۔
سوال : … ورکنگ کیاپٹل لونس ( قرض ) کا کاروبار کی مالیاتی صحت میں کیا کردار ہوتا ہے۔؟
جواب; … ورکنگ کیاپٹل لون قلیل مدتی آپریشنل ضروریات جیسے انوینٹری کی خریداری‘ پے رولس‘ اور UtilityPaymentsکے انتظام کیلئے ضروری ہیں‘ مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ کاروباری ادارے، ورکنگ کیاپٹل فینانس کے طور پر اپنے ٹرن اوور کا 200% تک اضافہ کرسکتے ہیں جس سے انہیں ایک مضبوط liquidity Cushion حاصل ہوتا ہے۔
سوال : … کیا مشنری کی خریداری کے لئے مخصوص قرض ہیں ؟
جواب ; … ہاں‘ مشنری کے قرضے کاروبار کو نئے یا اَپ گریڈ آلات کی خریداری کیلئے مالی اعانت فراہم کرنے کی اجازت دیتے ہیں، یہ قرضے اکثر بعض سرکاری اسکیمات کے تحت لچکدار ادائیگی کی شرائط اور ممکنہ ٹیکس قوانین کے ساتھ آتے ہیں۔
سوال :… کاروبار کیلئے کون سے غیر محفوظ قرض کے امکانات دستیاب ہیں ؟
جواب ;… کاروبار اور اسے آگے بڑھانے کی کھوج کرسکتے ہیں۔
٭ غیر محفوظ کاروباری مدتی قرضے: بغیر ضمانت کے عمومی مقصد کی فنڈنگ۔
٭ اوور ڈِرافٹ کی سہولت :۔ لچکدار نکاسی Withdrawals کیلئے پری اپروفڈ کریڈٹ لائن۔
٭ انوائس ڈِسکاؤنٹنگ : غیر ادا شدہ رسائد سے نقدی کو کھولنا۔
بہرحال ہمارے جو کاروباری حضرات ہیں، انہیں حکومت کی سرکاری قرض اسکیمات سے ضرور استفادہ کرنا چاہئے تاکہ اپنے کاروبار کو آگے بڑھاسکیں۔ خود ترقی کریں اور دوسروں کو روزگار فراہم کرسکیں۔