ہر محکمہ میں سولار سسٹم کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے ۔ جائزہ اجلاس میں چیف سکریٹری کی ہدایات
حیدرآباد یکم اگسٹ(سیاست نیوز) سرکاری محکمہ جات کی جانب سے محکمہ برقی کو بقایاجات کی ادائیگی کے سلسلہ میں کوتاہی نہ کی جائے اور تمام محکمہ جات میں شمسی توانائی کی پیداوار اور اس کے استعمال پر توجہ مرکوز کرکے ریڈکو کے ذریعہ سولار سسٹم کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔چیف سیکریٹری ایس کے جوشی نے آج مختلف محکمہ جات کے علاوہ محکمہ برقی کے اداروں کے سربراہان کے ہمراہ جائزہ اجلاس منعقد کرکے تمام محکمہ جات کو ہدایت دی کہ وہ اپنے برقی بقایاجات کی فوری ادائیگی کو یقینی بنائیں اور سرکاری دفاتر میں پری پیڈ برقی میٹرس کی تنصیب عمل میں لائی جائے تاکہ برقی کے استعمال پر کنٹرول کیا جا سکے ۔ مسٹر جوشی نے اجلاس کے دوران عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ کسی صورت میں برقی بقایاجات کو فروغ نہ دیں کیونکہ سرکاری بقایاجات کے سبب ڈسکامس کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ چیف سیکریٹری کے اجلاس میں مسٹر اجئے مشرا‘ مسٹر آدھار سنہا‘ مسٹر پربھاکر راؤ‘ مسٹر مہیش دت یکا‘ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی ‘ مسٹر راجیو ترویدی‘مسٹر بی وینکٹیشم ‘ مسٹر راما کرشنا راؤ ‘ مسٹر جگدیشور کے علاوہ دیگر عہدیداران موجود تھے۔ چیف سیکریٹری نے بتایا کہ ریاست میں موجود ڈسکامس کو نقصان سے بچانے کے سلسلہ میں چیف منسٹر انتہائی سنجیدہ ہیں اور محکمہ جات کی جانب سے برقی بقایاجات پر برہم ہیں اسی لئے محکمہ جات کو فوری تمام بقایاجاتا کی ادائیگی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اپنے محکمہ جات میں شمسی توانائی کے فروغ ہپر توجہ مبذول کرنی چاہئے ۔ اجلاس کے دوران چیف سیکریٹری نے کہا کہ تلنگانہ میں کسی محکمہ کی جانب سے برقی بقایاجات کا سلسلہ جاری رکھنے کے عمل کو چیف منسٹر نے برداشت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حکومت کے تمام محکمہ جات اور ان کے تحت خدمات انجام دینے والے ادارہ جات کے سربراہان کو احکام جاری کرتے ہوئے اس بات کی تاکید کی جائے کہ وہ برقی بقایاجات فوری ادا کرتے ہوئے محکمہ برقی پر عائد ہونے والے بوجھ کو کم کریں ۔ چیف سیکریٹری نے سرکاری دفاتر میں پری پیڈ میٹر کی تنصیب کو لازمی کرنے کے متعلق عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا ۔