سرکاری محکمہ جات میں سبکدوش ملازمین کی بازآبادکاری جاری

   

نوجوان ملازمت کے مواقع سے مسلسل محروم ۔ کئی ادارے اولڈ ایج ہوم میں تبدیل
حیدرآباد۔21 نومبر(سیاست نیوز) مختلف سرکاری محکمہ جات اولڈ ایج ہوم میں تبدیل ہورہے ہیں کیونکہ حکومت نئے تقررات کی بجائے سبکدوش ملازمین کی خدمات حاصل کر رہی ہے جو نوجوانوں کو ملازمتوں سے محروم رکھنے کے مترادف ہے۔ مختلف محکمہ جات کی صورتحال بالخصوص محکمہ بلدی نظم ونسق‘ حیدرآباد میٹرو پولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ‘مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد‘ محکمہ اقلیتی بہبود‘ تلنگانہ مائناریٹیز ریسڈینشل اسکولس ایجوکیشنل سوسائیٹی‘ محکمہ مال و دیگر کئی محکمہ جات ہیں جہاں سبکدوش ملازمین کی بازآبادکاری کی جا رہی ہے ۔ اس سے نوجوانوں کو مواقع نہیں مل رہے ہیں۔ حکومت سے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے اعلانات کئے جا رہے ہیں لیکن اعلامیہ کی اجرائی میں ٹال مٹول سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس کیلئے ابھی وقت لگ سکتا ہے۔ سبکدوش ملازمین کے تقررات کی مخالفت میں صرف بیروزگار نوجوان ہی نہیں بلکہ وہ عہدیدار بھی ہیں جو عہدیداروں کے بعد ترقی کا خواب دیکھ رہے تھے لیکن ان کے خواب چکنا چور ہوتے ہیں جب وہ دوبارہ خدمات میں توسیع کے بعد واپس آجاتے ہیں ۔ ایسے میں ان کی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ ایچ ایم ڈی اے میں 960 منظورہ جائیدادیں ہیں لیکن ان میں 148 ملازمین ہیں ۔ جو ملازمین برسرکار ہیں ان میں 50 فیصد ایسے ہیں جو وظیفہ پر سبکدوش ہوچکے ہیں اور وہ خدمات میں توسیع حاصل کرکے موجود ہیں۔ اسی طرح تلنگانہ مائیناریٹیز ریسڈینشل اسکولس ایجوکیشنل سوسائیٹی میں بھی دیگر محکمہ جات سے سبکدوش افراد کو مامور کیا جا رہا ہے اور جو وظیفہ پر سبکدوش ہوچکے ہیں ان کو توسیع دی جا رہی ہے ۔ یہی صورتحال مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبا د کے علاوہ دیگر محکمہ جات کی بھی ہے۔م