سرکاری محکمہ جات کے جونیر اسسٹنٹس کیلئے ٹریننگ ورکشاپ

   

Ferty9 Clinic

بہتر کارکردگی سے اسکیمات پر عمل آوری ممکن، ونود کمار اور دوسروںکا خطاب

حیدرآباد۔/18 جولائی، ( سیاست نیوز) سرکاری محکمہ جات میں نئے تقرر کردہ جونیر اسسٹنٹس کیلئے ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومنس ریسورس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں ٹریننگ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ نظم و نسق میں بہتر کارکردگی کے مقصد سے انسٹی ٹیوٹ نے مختلف زمروں کے عہدیداروں کیلئے ٹریننگ شروع کی ہے۔ نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے جونیر اسسٹنٹس کو مشورہ دیا کہ وہ بہتر تربیت کے ذریعہ محکمہ جات کی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست برقی کے شعبہ میں سرپلس ریاست کا موقف اختیار کرچکی ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں عوام کو روزانہ گھنٹوں لوڈ شیڈنگ کے نتیجہ میں برقی کی سربراہی سے محروم ہونا پڑتا تھا لیکن کے سی آر حکومت نے نہ صرف برقی پیداوار میں اضافہ کیا بلکہ کٹوتی اور لوڈ شیڈنگ کا عملاً خاتمہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی قلت سے نمٹنے میں آبپاشی پراجکٹس نے اہم رول ادا کیا ہے۔ حکومت کے اہم کارناموں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ونود کمار نے کہا کہ اقامتی اسکولوں کے ذریعہ غریب طلبہ کو مفت معیاری تعلیم کا انتظام کیا گیا ہے۔ حکومت نے فلاحی اسکیمات کے ذریعہ غریبوں کا معیار زندگی بہتر بنایا۔ کسانوں کے اکاؤنٹ میں رعیتو بندھو اسکیم کے تحت امدادی رقم راست منتقل کی جارہی ہے۔ دیہی علاقوں میں کسانوں اور زرعی مزدوروں کیلئے کئی اسکیمات شروع کی گئیں۔ پرنسپل سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ نے تربیتی ورکشاپس سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی کورونا وباء کے دوران کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ امدادی رقم لاکھوں افراد کے اکاؤنٹ میں کامیابی سے منتقل کی گئی۔ انہوں نے سرکاری محکمہ جات، بینکوں اور دیگر اداروں کے درمیان بہتر تال میل کی تجویز پیش کی۔