سرکاری ملازمین اور اساتذہ کو پی آر سی فٹمنٹ کا مطالبہ

   

رکن اسمبلی سریدھر بابو کا چیف منسٹر کو مکتوب
حیدرآباد: کانگریس رکن اسمبلی سریدھر بابو نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سرکاری ملازمین اور اساتذہ کیلئے پی آر سی فٹمنٹ کے اعلان کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے 9 لاکھ ملازمین اور اساتذہ گزشتہ 30 ماہ سے پی آر سی پر عمل آوری کے منتظر ہیں۔ انہوں نے 60 فیصد فٹمنٹ کے اعلان اور پنشن کے سابق طریقہ کار کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مکتوب میں سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے 16 مئی 2018 ء کو ملازمین کی تنظیموں سے وعدہ کیا تھا کہ پی آر سی پر عمل کرتے ہوئے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ تین ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیداروں پر مشتمل پی آر سی کی تشکیل کو 30 ماہ مکمل ہوچکے ہیں۔ 31 ڈسمبر کو کمیشن نے اپنی رپورٹ پیش کردی۔ جولائی 2019 ء میں آندھراپردیش حکومت نے ملازمین کو 27 فیصد عبوری راحت کا اعلان کیا لیکن تلنگانہ کے ملازمین 30 ماہ سے عبوری امداد اور فٹمنٹ سے محروم ہیں۔ ملازمین کے مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت کو چاہئے کہ یکم جولائی 2018 ء سے 60 فیصد فٹمنٹ کی ادائیگی کا اعلان کرے۔ اساتذہ سرکاری ملازمین ، پنشنرس ، عوامی شعبہ کے ادارے، اور کنٹراکٹ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کا اعلان کیا جائے ۔ سریدھر بابو نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ دیگر انتخابی وعدوں کی طرح سرکاری ملازمین اور اساتذہ سے دھوکہ دہی نہ کریں۔