حیدرآباد۔چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ سرکاری ملازمین کی تنظیموں سے مشاورت کا عمل فوری شروع کیا جائے۔ پی آر سی ، پروموشن اور دیگر مسائل پر حکومت نے چیف سکریٹری سومیش کمار کی قیادت میں سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کے ارکان میں پرنسپل سکریٹری آبپاشی رجت کمار اور پرنسپل سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے سہ رکنی کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ ملازمین کی تنظیموں کے قائدین سے مذاکرات کا عمل شروع کرے۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی کہ ایک ہفتہ دس دن میں مذاکرات کا عمل مکمل کرلیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر فروری میں ملازمین کیلئے پی آر سی اور دیگر اُمور پر فیصلہ کریں گے۔