سرکاری ملازمین کو نظر ثانی تنخواہ کے لیے مزید ایک ماہ انتظار کرنا ہوگا

   

حیدرآباد :۔ ریاستی حکومت کے ملازمین کو ان کی نظر ثانی پے اسکیل کے مطابق تنخواہوں کی وصولی کے لیے امکان ہے کہ مزید ایک ماہ درکار ہوگا ۔ ملازمین گذشتہ دو ماہ سے 30 فیصد فٹمنٹ فائدہ کے ساتھ ان کی نظر ثانی تنخواہوں کے لیے بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ۔ لیکن کہا جاتا ہے کہ نئے پے اسکیلس کو قطعیت دینے کے سلسلہ میں اس میں ہونے والے زیادہ کام کی وجہ اس میں تاخیر ہورہی ہے ۔ نئے پے اسکیلس پر عمل درآمد سے پے فگزیشن کے ساتھ گرانی الاونس ، ہاوز رینٹ الاونس اور سٹی کمپینیزیٹری الاونس کا تعین ہوگا ۔ اس کے علاوہ ، حکومت کے تیقن کے مطابق یکم اپریل 2020 سے بقایہ جات سے متعلق حسابات اس عمل کا حصہ ہوں گے ۔ جس کی وجہ تاخیر ہورہی ہے ۔ حکومت نے تمام محکمہ جات کو پے فگزیشن کے لیے رہنمایانہ خطوط روانہ کئے تھے اور ملازمین سے نئے پے اسکیلس میں تبدیلی کے لیے آپشنس طلب کئے تھے ۔ عہدیداروں کے مطابق محکمہ کی سطح پر متعین کئے جانے والے پے اسکیلس ، ملازم واری حسابات کے بعد ریاست کے دارالحکومت میں پے اینڈ اکاونٹس آفس اور ضلع سطح پر ڈائرکٹر آف ٹریژری اینڈ اکاونٹس کو روانہ کرنا ہوگا ۔ پی اے او اور ڈی ٹی اے کی جانب سے تفصیلات کی تصدیق کے بعد نئے اسکیلس کو ریکارڈ میں داخل کیا جائے گا جس کے بعد نئے اسکیلس پر اثر ہوگا ۔ محکمہ فینانس نے اس پورے عمل کو آسان بنانے کے لیے ایک سافٹ ویر کو فروغ دیا ہے اور اس نئے سافٹ ویر کو مختلف سطح پر بتدریج استعمال میں لایا جارہا ہے ۔ محکمہ فینانس کے ایک سینئیر عہدیدار نے کہا کہ نظر ثانی پے اسکیلس آئندہ ماہ سے ادا کئے جائیں گے ۔۔