پی آر سی سفارشات کو چیلنج کرتے ہوئے ملازمین عدالت سے رجوع
حیدرآباد۔ یکم فروری، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی سرکاری ملازم کی تنخواہ سے ریکوری نہ کی جائے۔ حکومت کی جانب سے پی آر سی سفارشات کے احکامات کو چیلنج کرتے ہوئے دائر کردہ درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے عبوری احکامات کے ذریعہ حکومت کو ملازمین کی تنخواہوں سے ریکوری نہ کرنے کی ہدایت دی تاہم حکومت کو جوابی حلفنامہ داخل کرنے کیلئے 3 ہفتوں کا وقت دیا ہے۔ آندھرا پردیش گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن نے اپنی درخواست میں شکایت کی ہے کہ حکومت سرویس بینفٹس کو کم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ درخواست میں فریقین کے طور پر حکومت، فینانس، ریوینو محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز کے علاوہ مرکزی حکومت اور پے ریویژن کمیشن کو شامل کیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گذار کے وکیل سے سوال کیا کہ تنخواہوں کی اجرائی سے قبل ہی انہیں کمی کے بارے میں کس طرح معلوم ہوا ہے۔ عدالت نے کہا کہ مسئلہ کے حل کیلئے عدالت میں سماعت کے موقع پر ہڑتال کرنا کہاں تک درست ہے۔ عدالت نے کہا کہ ملازمین کی ہڑتال سے مسائل کی یکسوئی ممکن نہیں۔ ایڈوکیٹ جنرل سری رام نے عدالت سے کہا کہ ملازمین پی آر سی سفارشات کے بارے میں غیر ضروری اندیشوں کا شکار ہیں۔ حکومت ملازمین کی تنخواہوں میں ایک روپیہ بھی کم نہیں کرے گی۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت تین ہفتے بعد ہوگی۔ ر