میدک، 19 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ این جی او میدک ضلع صدر ڈی نریندر نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کے بقایہ چار اقساط میں سے کم از کم دو اقساط کا ڈی اے فوری جاری کیا جائے۔ وہ منگل کے روز مقامی ٹی این جی او بھون میں پنچایت سکریٹریز فورم کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین گذشتہ تین سالوں سے مہنگائی میں اضافے کے مطابق ڈی اے میں اضافہ کے منتظر ہیں، مگر حکومت کی تاخیر کی وجہ سے وہ مایوسی اور ذہنی تناؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے سوال کیا کہ فلاحی اسکیموں کے نام پر ملازمین کی تنخواہیں روکنا کہاں تک مناسب ہے، جبکہ یہی ملازمین فیلڈ میں عوامی فلاح و بہبود کے کام انجام دیتے ہیں۔انہوں نے یاد دلایا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ریاست کی تعمیر نو کے لیے ملازمین نے دو گھنٹے اضافی خدمات انجام دی تھیں اور آج بھی وہ ایمانداری سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ فلاحی پالیسیوں کے نام پر سرکاتی ملازمین کے ساتھ ناانصافی نہ کرے اور ان کے جائز مطالبات کو پورا کرے۔اس موقع پر پنچایت سیکریٹریز فورم کے ریاستی صدر سندیلا بلرام نے کہا کہ دیہی ترقی کے لیے پنچایت سکریٹریز نے اپنی تنخواہوں سے رقم خرچ کرکے حکومت کے پاس بلز داخل کیے ہیں، لیکن وہ کئی سالوں سے زیر التوا ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان بلز کی فوری ادائیگی عمل میں لائی جائے۔ بعد ازاں ضلع سکریٹری ٹی این جی اوز مانک راج کمار نے ساتھ مل کر نئے پنچایت سکریٹریز کی رکنیت کا اندراج کیا گیا۔اس پروگرام میں ٹی این جی او تواپران یونٹ کے صدر شنکر گوڑ، فورم کے ریاستی نائب صدور بھاسکر، راکیش، لنگپا، روی، رجیتا، رمیش، نوین، سری کانت، وینکٹا رام ریڈی سمیت کئی پنچایت سکریٹریز نے شرکت کی۔