حکومت آندھرا پردیش کا اعلان ، 3 لاکھ 81 ہزار سے زائد سائیکلوں کا نشانہ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : حکومت آندھرا پردیش نے ریاست بھر میں گورنمنٹ ہائی اسکولس ، ضلع پریشد ہائی اسکولس ، میونسپل ہائی اسکولس ، ماڈل ہائی اسکولس اور ایڈیڈ ( امدادی ) ہائی اسکولس کی آٹھویں اور نویں جماعت میں زیر تعلیم لڑکیوں ( طالبات ) کو مفت سیکلوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ محض آٹھویں اور نویں جماعتوں میں تعلیم حاصل کرنے والی لڑکیوں کے ڈراپ آوٹس کو روکنے کے مقصد سے ہی حکومت ( تلگو دیشم حکومت ) سیکلیں مفت فراہم کرنے کے اقدامات کررہی ہے ۔ اس طرح ریاست بھر میں آٹھویں اور نویں جماعتوں میں تعلیم حاصل کرنے والی زائد از 3,81,142 لاکھ لڑکیوں کو جاریہ ماہ 31 جنوری سے قبل مفت سیکلیں فراہم کی جائیں گی ۔ اس سلسلہ میں کمشنر ریاستی محکمہ تعلیم نے منتخبہ سیکلوں کی تقسیم عمل میں لانے والی ایجنسیوں کو اس بات کی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ریاست بھر کے تمام مذکورہ مدارس میں 31 جنوری سے قبل سیکلیں تقسیم کرنے کو یقینی بنائیں ۔ اسی ذرائع نے بتایا کہ لڑکیوں کو مفت فراہم کی جانے والی ایک سیکل کی قیمت 3,965 روپئے ہے ۔۔