والدین قابل مبارکباد ، محنت سے سب کچھ ممکن ، مسلم نوجوانوں کے لیے مشعل راہ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : سرکاری ملازمت حاصل کرنا ہر طالب علم کا خواب ہوتا ہے ۔ صرف خواب دیکھنا کافی نہیں ہوتا بلکہ خوابوں کی تعبیر کے لیے دن رات محنت کرنی پڑتی ہے ۔ ڈسپلن سے محنت کرنے والوں کی کامیابی قدم چومتی ہے ۔ ایسی کئی مثالیں ہمارے سامنے موجود ہے ۔ ہم ایسی تین بہنوں کو آپ کے سامنے متعارف کررہے ہیں جنہوں نے محنت و دلچسپی سے تعلیم حاصل کی اور ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ڈی ایس سی کے نتائج میں اعلیٰ نشانات سے کامیابی حاصل کی اور کل لال بہادر اسٹیڈیم میں منعقدہ پروگرام میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے ہاتھوں تقرر نامہ حاصل کیا ۔ ان تینوں بہنوں نے سرکاری ملازمت حاصل کرتے ہوئے اپنے ماں باپ کا سر فخر سے بلند کردیا اور ساتھ ہی محنت سے تھک ہار جانے والے امیدواروں کے لیے مشعل راہ ثابت ہوئی ہیں جن کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے ۔ ان تینوں بہنوں نے اپنی تعلیم اور حصول ملازمت کی جدوجہد میں برقعہ رکاوٹ نہ ہونے کا بھی ثبوت دیا ہے ۔ آج کل ہر خاندان میں ایک فرد سرکاری ملازم ہونا بڑی بات ہے ۔ اس مسابقت کے دور میں ایک ہی گھر کی تین بیٹیوں نے سرکاری ملازمت ( ٹیچر ) بنتے ہوئے ایک مثال قائم کی ہے اور اپنے والدین کے خوابوں کو بھی پورا کیا ہے ۔ جنگاؤں شہر سے تعلق رکھنے والے کریم الدین اور شریفہ بیگم کی 6 لڑکیاں ہیں ۔ جس میں چار لڑکیوں کی شادیاں ہوئی ہیں ۔ 2 ، 4 ، 6 نمبر کی لڑکیوں شاہدہ بیگم کو ( جنگاوں اردو ایس جی ٹی میں پہلا رینک ) ، فرزانہ بیگم ( ضلع سوریہ پیٹ اردو ایس جی ٹی میں دوسرا رینک ) ممتاز بیگم (ہنمکنڈہ میں پہلا رینک اسکول اسسٹنٹ بیالوجیکل سائنس ) حاصل کیا ہے ۔ محنت کرتے ہوئے تعلیم حاصل ہوئے ان تینوں بہنوں نے ٹیچر کی ملازمت حاصل کرتے ہوئے پیشہ تدریس سے وابستہ ہوگئی ہیں ۔۔ 2