سینکڑوں درخواستوں کی وصولی، جاپان، فن لینڈ، سنگاپور اور ویتنام کا انتخاب، تعلیمی اصلاحات کے نفاذ کی مساعی
حیدرآباد 28 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں تعلیمی اصلاحات پر عمل آوری کے ذریعہ سرکاری اسکولوں میں معیار تعلیم بہتر بنانے کی مساعی کی جارہی ہے۔ حکومت نے 160 سرکاری ٹیچرس اور محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کی ٹیم کو جاپان، فن لینڈ، سنگاپور اور ویتنام کے دورہ پر روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کلاس روم میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کی ٹریننگ دی جاسکے۔ ذرائع کے مطابق سرکاری ٹیچرس اور محکمہ تعلیم کے عہدیدار آئندہ ماہ 4 ممالک کے مطالعاتی دورہ پر روانہ ہوں گے۔ ریاست کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب حکومت نے ٹیچرس کو مطالعاتی مشن پر بیرونی دورہ پر روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت کی اسپانسرڈ کردہ اسکیم پر سرکاری اسکولوں کے ٹیچرس میں مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ ٹیچرس کی تنظیموں نے بیرونی مطالعاتی دورہ کی اسکیم کو جاری رکھنے کی سفارش کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ سرکاری اسکولوں کے ٹیچرس بیرونی دورہ کرسکیں۔ عہدیداروں کے مطابق سرکاری اسکولوں اور خاص طور پر انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں میں تدریس کے بین الاقوامی معیارات کو متعارف کرنے کے لئے مطالعاتی دورہ طے کیا گیا۔ حکومت نے تلنگانہ کے لئے نئی تعلیمی پالیسی کی تیاری کے لئے ماہرین پر مشتمل مختلف کمیٹیاں تشکیل دی ہیں۔ جاپان اور دیگر 3 ممالک میں اسکولی تعلیم کے معیار اور تدریسی نظام کا جائزہ لینے کے لئے گورنمنٹ ٹیچرس کا مطالعاتی دورہ سودمند ثابت ہوسکتا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق 4 مختلف ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو کسی ایک ملک کا مطالعاتی دورہ کریں گی۔ فن لینڈ میں طلبہ کے لئے ایک منفرد لرننگ سسٹم متعارف کیا گیا ہے جبکہ جاپان میں ڈسپلن اور اسکول کی سطح پر اختراعی صلاحیتوں میں اضافہ کا جائزہ لیا جائے گا۔ سنگاپور میں ٹیکنالوجی انٹیگریشن اور ویتنام میں تعلیمی نظام میں کمیونٹی کی حصہ داری کا مطالعہ کیا جائے گا۔ ٹیچرس اور محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے لئے مختلف سیشنس منعقد کئے جائیں گے۔ ماڈل اسکولس کا دورہ کراتے ہوئے تدریسی نظام کا مشاہدہ کرایا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ چاروں ممالک کے محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو مطالعاتی دورہ سے واقف کیا گیا ہے اور مذکورہ ممالک میں ماہرین تعلیم کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ بیرونی دورہ کی اہلیت کے لئے ٹیچرس کا کم از کم 10 سال تک تدریسی تجربہ ضروری ہے اور اُن کی عمر 55 سال سے کم ہونی چاہئے۔ حکومت کی اِس اسکیم کے لئے ٹیچرس کی جانب سے غیرمعمولی ردعمل دیکھا گیا اور اطلاعات کے مطابق 22 اکٹوبر کو درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ تک سینکڑوں کی تعداد میں درخواستیں داخل کی گئیں۔ ضلع واری سطح پر کلکٹرس کی نگرانی میں اساتذہ کا انتخاب ہوگا اور ریاستی سطح کی ماہرین کی کمیٹی مختلف زمرہ جات میں ہر ضلع سے ایک آؤٹ سورسنگ ملازم کا انتخاب کرے گی۔ 1
ذرائع کے مطابق ایس جی ٹی، پی ای ٹی، ٹی جی ٹی اور دیگر زمرہ جات کے علاوہ ضلع پریشد اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرس اور اقامتی اسکول کے پرنسپلس کو بھی مطالعاتی دورہ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ طلبہ میں انگریزی زبان پر عبور کی صلاحیت پیدا کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔ اساتذہ کا کہنا ہے کہ بیرونی مطالعاتی دورہ سے نہ صرف ٹیچرس بلکہ طلبہ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ حکومت نے اسکولی سطح پر نصاب میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے اور انٹرمیڈیٹ کی سطح پر بھی اصلاحات کے نفاذ کی تیاری ہے۔1