سرکاری کام کاج کے دوران ہندی زبان کے استعمال پر زور

   

راشٹریہ اسپٹ نگم میں ہندی دیوس، پروفیسر شکیلہ خانم و دیگر کا خطاب

حیدرآباد ۔ یکم ڈسمبر (پریس نوٹ) راشٹریہ اسپٹ نگم لمیٹیڈ حیدرآباد برانچ سیلس آفس پر 28 اور 29 نومبر 2019 ء کو یوم ہندی منایا گیا۔ اس موقع پر پروفیسر شکیلہ خانم ڈین فیکلٹی آف آرٹس و ایچ او ڈی ہندی و اُردو ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے سرکاری ملازمت کے دوران ہندی کے استعمال کی اہمیت سے واقف کروایا اور ان کی ہمت افزائی کی۔ اس موقع پر اُنھوں نے ملازمین کو ہندی استعمال سے متعلق بہت ساری باتوں سے واقف کروایا اور ملازمت کے دوران ہندی کے استعمال کے تجربات کو اُجاگر کیا۔ اُنھوں نے ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ روز بروز ہندی کے استعمال کیلئے آگے بڑھیں تب ہی یوم ہندی کی اہمیت اور مقصد کامیاب ثابت ہوگا۔ ہندی زبان کے فروغ پر اُنھوں نے ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ ہندی کے آسان الفاظ کے ذریعہ ہندی زبان پر عبور حاصل کریں۔ مسٹر جی وی این پرساد سینئر برانچ منیجر و جی ایم مارکٹنگ نے برانچ آفس پر ہندی کے استعمال کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے واقف کروایا۔ اس تقریب میں یوم ہندی کے موقع پر منعقدہ مقابلوں کے انعامات کی بھی تقسیم عمل میں آئی۔ ڈاکٹر ٹی ہیماوتی اے جی ایم (او ایل) اور مسٹر جی آر اے نائیڈو سینئر اسسٹنٹ (او ایل) کے علاوہ مسٹر اکھل منیجر مارکٹنگ نے تقریب کی کارروائی چلائی۔