سرکاری کمیٹی کی ملازمین تنظیموں کے عہدیداروں سے بات چیت

,

   

پی آر سی و دیگرمسائل پرچیف سکریٹری سومیش کمار کی زیر قیادت کمیٹی کا مثبت ردعمل

حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت کے مطابق چیف سکریٹری سومیش کمار کی زیر قیادت تین رکنی کمیٹی نے ملازمین کی تین تنظیموں تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن ، تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن اور تلنگانہ سکریٹریٹ اسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ساتھ آج بی آر کے آر بھون میں اجلاس منعقد کیا جس میں کمیٹی نے ملازمین کی تینوں تنظیموں کے عہدیداروں سے پی آر سی سفارشات اور دیگر اُمور پر علیحدہ علیحدہ ان کے نظریات معلوم کئے اور ان پر تبادلہ خیال کیا۔ چیف سکریٹری نے پی آر سی سفارشات سے متعلق ملازمین کے مسائل و دیگر اُمور پر مثبت رد عمل کا اظہار کیا جن کو چیف منسٹر کے علم میں لایا جائے گا۔اجلاس میں پرنسپال سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، پرنسپال سکریٹری اریگیشن رجت کمار کے علاوہ ملازمین کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی جن میں تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کی شریمتی وی ممتا ، اے ستیہ نارائنا اور ایم بی کرشنا یادو، تلنگانہ این جی اوز کے ایم راجندر، شریمتی راشیل، جناب مجیب، ایم پرتاپ اور سکریٹریٹ آفیسرس اینڈ ایمپلائز اسوسی ایشن کے ایم نریندر راؤ، لنگا مورتی اور دیگر ارکان شامل ہیں۔