وبائی امراض کی روک تھام کیلئے اقدامات کرنے ڈاکٹرس کو ہدایت ، عوام کو چوکس رہنے کی تاکید
میدک /28 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر میدک مسٹر راہول راج نے ضلع میدک کے نرساپور کا دورہ کرتے ہوئے ایریا ہاسپٹل نرساپور کا انسپکشن کیا اور ڈاکٹرس اور دیگر طبی عملہ کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس بھی منعقد کیا ۔ ہسپتال کے وارڈس کا معائنہ کیا اور شریک مریضوں سے بات چیت کرتے ہوئے علاج و معالجہ سے متعلق تفصیلات سے واقفیت حاصل کی ۔ انہوں نے اس دوران ہسپتال کے میڈیکل اسٹور کا بھی معائنہ کرکے ادویات کے اسٹاک سے متعلق جانکاری حاصل کی ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلوں میں ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ انہوں نے ڈاکٹرس سے کہا کہ وائرل بخار ، ڈینگو بخار ، ملیریا جیسی بیماریوں سے بچاؤ کے اقدامات کئے جائیں ۔ ہسپتالوں میں اور اس کے احاطوں میں کہیں بھی گڑھوں میں پانی جمع نہ رہے ۔ کلکٹر راج نے کہا کہ مچھروں کی افزائش کو روکنے کیلئے مچھرکش ادویات کا چھڑکاؤ بھی کرتے رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چکن پاکس اور دیگر بیماریوں سے بچاؤ کیلئے عوام کو ہوشیار رہنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے اس موقع پر دیگر عوام کو بھی مشورے دیتے ہوئے کہا کہ اپنے مکانات اور اس کے اطراف و اکناف نظام صفائی میں بہتری رکھیں اور اسی طرح واٹر کینس ، اے سی ایز پلانٹس ، کولرس کی صفائی کی جائے ۔ فریج میں اسٹاک کی ہوئی ترکاریوں کو اچھی طرح صاف کرکے استعمال کریں ۔ کلکٹر راج نے عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ پینے کے پانی کو گرم کرکے استعمال کریں ۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ایریا ہاسپٹل ڈاکٹر بیگ نے کلکٹر راج کا خیرمقدم کیا اور ہسپتالس مسائل سے متعلق واقفیت پہونچائی ۔