سرکاری ہیلت مراکز پر معیاری علاج، مفت ادویات

   

کھانے کی بھی سہولت، ضلع میدک میں ترقیاتی پروگرام سے ریاستی وزیر ہریش راؤ کا خطاب

میدک ۔ ریاستی وزیر خزانہ و صحت مسٹر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست عوام کی ترقی اور ریاست کی ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ ٹی آر ایس جماعت انتخابات سے قبل جو وعدے کرتی ہے اس کو عملی جامہ پہنانے والی واحد جماعت ہے۔ ٹی آر ایس حکومت کورونا جیسی صورتحال دو سال رہنے پر بھی اپنے ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں کبھی بریک نہیں ڈالتی۔ ہریش راؤ میدک کے توپران اور منوہر آباد منڈل میں 10 کروڑ کی لاگت سے تعمیر شدنی منڈل انٹیگریٹیڈ دفاتر کامپلکس کے لئے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد منعقدہ ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے اپنے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد توپران اور منوہرآباد میں دفاتر کامپلکس کی تعمیرات مکمل کرلی جائیں گی۔ حکومت دوکامپلکس کو فی کس 10 کروڑ صرف کرے گی۔ ریاستی وزیر فینانس نے کہا کہ منوہرآباد تاراجنا سرسلہ ڈسٹرکٹ تک برائے گلوبل، سدی پیٹ، ویملواڑہ ریلوے لائن کی تنصیب عمل میں آئے گی۔ ہریش راؤ نے خواتین کو پابند کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ڈیلیوریز سرکاری دواخانوں اور سرکاری پرائمری ہیلت مراکز پر ہی کروائیں، جہاں بہترین کارپوریٹ طرز پر علاج کے ساتھ مفت ادویات کھانے کی سہولتوں کے علاوہ کے سی آر کٹس دیئے جارہے ہیں۔ اس تقریب میں رکن پارلیمنٹ میدک مسٹر کے پربھاکر ریڈی ضلع پریشد صدرنشین ہیمالتا گوڑ، رکن اسمبلی نرساپور سی ایچ مدن ریڈی، ایم ایل سی ڈاکٹر یادو ریڈی، صدرنشین ڈسٹرکٹ لائبریریز، مسٹر چندرا گوڑ، ایڈیشنل، کلکٹر مجالس مقامی پریتما سنگھ آئی اے ایس، آر ڈی او توپران مسٹر شیام پرکاش، قائدین ٹی آر ایس مسرز الیکشن ریڈی، پرتاب ریڈی کے علاوہ دیگر سرکاری و غیر سرکاری عہدیدار بھی شریک تھے۔