کاماریڈی : کاماریڈی ضلع کے سرکل انسپکٹر بھکنور مسٹر یالادری کو معطل کرتے ہوئے ویسٹ زون آئی جی اسٹیفن رویندرا نے احکامات جاری کئے ۔ واضح رہے کہ دومکنڈہ کے موضع متیم پیٹ میں گذشتہ سال نومبر میں سوامی گوڑ کا قتل ہوا تھا اس قتل کیس میں ہنما گوڑ کو گرفتار کرتے ہوئے ریمانڈ پر دیا گیا تھا ۔ حال ہی میں سرکل انسپکٹر اور ہنما گوڑ کے درمیان فون پر بات چیت ہوئی تھی اور ریکارڈینگ سوشل میڈیا پر وائر ل ہوئی تھی اور ہنما گوڑ نے حال ہی میں نظام آباد پریس کلب میں صحافتی کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے پولیس کی ہراسانی کے بارے میں ذرائع ابلاغ کو واقف کروایا تھا اور اس کے علاوہ ہنما گوڑ نے شویتا ریڈی ضلع ایس پی سے تحریری شکایت کی تھی اور اس پر اعلیٰ عہدیداروں نے ضلع ایس پی شویتا ریڈی کو تحقیق کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی ضلع ایس پی کی رپورٹ کی بنیاد پر آئی جی ویسٹ زون نے سرکل انسپکٹر یالا دری کو معطل کرتے ہوئے احکامات جاری کیا ۔ کاماریڈی ضلع میں پولیس کی رشوت ستانی میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے قبل ازبھی سرکل انسپکٹر کاماریڈی ٹائون جگدیش کو 5 لاکھ روپئے رشوت طلب کرتے ہوئے ایک لاکھ 60 ہزار روپئے حاصل کیا تھا باقی رقم کیلئے ہراساں کرنے پر متعلقہ شکایت کندگان نے اے سی بی سے رجوع ہوا تھا ۔ اے سی بی نے سرکل انسپکٹر کو گرفتار کیا تھا اور اس کیس میں ڈی ایس پی کاماریڈی پر بھی شکایت کئے جانے پر ڈی ایس پی کاماریڈی کو بھی گرفتار کرتے ہوئے ریمانڈ پر پیش کیا گیا تھا ۔ اس واقعہ کو بھلا بھی نہیں پائے تھے کہ دوسرا واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد اعلی عہدیداروں نے سرکل انسپکٹر بھکنور کو بھی معطل کرتے ہوئے احکامات جاری کیا ۔