’’سری لنکا میچ فکس کرلے تو پاکستان فائنل کو احمدآباد سے کولمبو لے آئیگا‘‘

   

ممبئی ، 28 فبروری (ایجنسیز) کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں جمعہ کو انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے خلاف چار وکٹوں سے فتح کے بعد پاکستان کی T20 ورلڈ کپ 2026 کی مہم ریاضی کے اعتبار سے برقرار ہے۔ ہفتہ کو سلمان علی آغا زیرقیادت پاکستان نے اگر سری لنکا کو مطلوبہ بڑے مارجن سے شکست دے دی تو وہ سیمی فائنل میں داخل ہوسکتے ہیں۔ تاہم، پاکستانی یوٹیوبر فرقان بھٹی کی ایک وائرل ویڈیو نے یہ تجویز کرتے ہوئے بڑے تنازعہ کو جنم دیا ہے کہ سری لنکا کو اپنی قومی معیشت کو فروغ دینے کے لیے جان بوجھ کر اپنا آخری میچ ہارنا چاہیے۔ بھٹی اپنے ویڈیو میں سری لنکن ٹیم سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ پاکستان کے خلاف اپنا میچ دانستہ ہار جائے۔ سری لنکا پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڑ سے خارج ہوچکا ہے۔ اس ٹورنمنٹ میں پاکستان کے لیے موجود ہائبرڈ ماڈل کے تحت آئی سی سی نے انتظامات کئے ہیں کہ اگر پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرتا ہے، تو میچ ممبئی یا کولکاتا کے اصل مقامات کے بجائے کولمبو میں ہوگا۔ بھٹی کا استدلال ہے کہ کولمبو میں سیمی فائنل سری لنکا کی معیشت کو سیاحت اور میچ ٹکٹوں کے ذریعے بڑے پیمانے پر فروغ دے گا۔ اتنا ہی نہیں بلکہ دلیرانہ لالچ دیتے ہوئے بھٹی نے کہا کہ ہم فائنل بھی احمدآباد سے کولمبو لے آئیں گے ۔ فائنل احمد آباد میں مقرر ہے، لیکن پاکستان فائنل میں آئے تو خطابی مقابلہ بھی کولمبو کو منتقل کیا جائے گا۔ یعنی بھٹی کے مطابق سری لنکا نے ہفتہ کو پاکستانی ٹیم کا ساتھ دیا تو پاکستان سیمی فائنل یقینی طور پر جیتے گا اور اس طرح فائنل کو بھی احمدآباد سے کولمبو منتقل کرنا پڑے گا۔ بھٹی کی دلیل ہے کہ ورلڈ کپ کے دو بڑے میچز کولمبو میں کھیلے جائیں تو سری لنکا کی معیشت کو فروغ ملے گا۔