کولمبو : سری لنکا میں ایک ہندو مذہبی تہوار کے دوران اْس وقت افراتفری پھیل گئی جب جلوس میں شامل ایک ہاتھی نے بے قابو ہو کر 13 یاتریوں کو زخمی کر دیا۔میڈیاکے مطابق پولیس نے اتوار کو بتایا کہ ہجوم میں شامل 13 افراد آپس میں ٹکرانے سے اْس وقت زخمی ہو گئے جب بپھرے ہاتھی سے خود کو بچانے کے لیے بھاگ رہے تھے۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ہاتھی کے رکھوالوں میں سے ایک نے مشتعل جانور کو دْم سے پکڑ کر اْس پر قابو پانے کی کوشش کی جبکہ سڑک پر کھڑے یاتری چیختے ہوئے بھاگ رہے تھے۔تصاویر میں ہاتھیوں کی ایک پریڈ دکھائی گئی ہے جو سرخ، نیلے اور سنہرے لباس میں سونڈ سے دم تک، ایک بڑے ہجوم کے سامنے ہیں جبکہ تھالی نما ساز بجائے جا رہے ہیں۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ دارالحکومت کولمبو سے 280 کلومیٹر جنوب میں واقع علاقے کٹاراگاما میں 13 افراد کو زخمی ہونے پر ہاسپٹل لیجایا گیا۔اگست 2023 میں درجنوں یاتریوں نے وسطی شہر کینڈی میں پانچ مشتعل ہاتھیوں سے بچنے کے لیے ایک جھیل میں چھلانگ لگا دی تھی۔ اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے۔2019 میں کم از کم 17 افراد اس وقت زخمی ہوئے جب کولمبو میں ایک مندر کے میلے میں ہاتھی ہجوم سے گھبرا کر مشتعل ہوئے۔سری لنکا کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق ملک میں تقریباً 200 پالتو ہاتھی ہیں جبکہ جنگلوں میں اس بڑے جانور کی آبادی تقریباً 7,500 ہے۔حکومت نے جنگلی ہاتھیوں کو پکڑنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن حالیہ برسوں میں ہاتھیوں کے درجنوں بچے ہتھنیوں کو مارنے کے بعد پالنے کے لیے جنگلوں سے چوری کیے گئے۔