سری لنکا کے خلاف نیوزی لینڈ کا کلین سوئپ

   

ٹیلر کو شاندار سنچری پر مقابلہ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز
نیلسن ۔8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو تیسرے ونڈے میں 115رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 3-0 سے اپنے نام کرلی۔نیلسن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹ پر 364رنز اسکور کیے۔ تجربہ کار کھلاڑی راس ٹیلر نے 137 رنز کی اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 9 چوکے، چار چھکے لگائے جبکہ ہنری نکلس نے اْن کا بھرپور ساتھ دیا۔ نکلس نے 12 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 124رنز اسکور کیے،دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ پر 154 رنز کی شراکت ہوئی۔ کپتان ولیمسن نے 55 رنز بنائے، لیستھ ملنگا نے تین وکٹیں حاصل کیں لیکن انہوں نے اپنے 10 اوورس میں 93 رنز دئے اور ان ہی کی بولنگ پر میزبان بیٹسمینوں نے سب سے زیادہ 6 چھکے لگائے جبکہ دیگر 6 بولروں کی بولنگ پر دیگر 3 چھکے مارے گئے۔ کامیابی کیلئے جوابی اننگز میں سری لنکا کی ٹیم 42 ویں اوور میں 249 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ تھیشارا پریرا نے 80 رنز ، ڈک ویلا نے 46 اور پریرا نے 43 رنز اسکور کئے جس کے بعد 115 رنز کی جیت کے ساتھ نیوزی لینڈ نے تین میچوں کی سیریز بھی 3-0 سے اپنے نام کرلی۔ ٹیلر کو ان کی شاندار سنچری پر مین آف دی میچ دیا گیا۔