عملہ کے 23 ارکان کے منجملہ ایک لاپتہ ، ایک زخمی ، مدد کیلئے سری لنکا بحریہ کے 4 جہاز پہنچ گئے
نئی دہلی۔ سری لنکا کے مشرقی ساحل کے قریب انڈین آئیل کارپوریشن کے آئیل ٹینکر میں آگ لگ گئی جو آئیل سے بھرا ہوا ہے۔ نیو ڈائمنڈ کے نام سے مشہور اس ٹینکر میں عملہ کے 23 ارکان تھے جن کے منجملہ ایک کے لاپتہ ہونے اور دوسرے کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ سری لنکا نے آگ پر قابو پانے اور پھنسے ہوئے عملہ کی مدد کیلئے اپنے بحریہ کے چار جہاز روانہ کئے ہیں۔ نیو ڈائمنڈ ٹینکر بہت بڑا خام تیل لے جانے والا ٹینکر ہے جسے انڈین آئیل کارپوریشن چارٹر پر حاصل کیا ہے۔ یہ جہاز اڈیشہ کے ساحل پردیپ کی سمت جارہا تھا آئیل کمپنی کی یومیہ 3 لاکھ بیارل ریفائنری کام کرتی ہے۔ میڈیا کی اطلاعات کے مطابق سری لنکا کے بحریہ کے ترجمان کیپٹن انڈیکا سلوا نے بتایا کہ نیو ڈائمنڈ ٹینکر کے انجن روم میں آگ لگی جو ٹینکر کے دوسرے حصوں تک پھیل گئی۔ اسی دوران سری لنکا بحریہ کے جہاز وہاں پہنچ گئے اور عملہ کے 19 ارکان کو لائف بوٹس کے ذریعہ منتقل کیا۔ بحریہ کے جہازوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔ عملہ کے زخمی رکن کی ٹینکر کے تیسرے انجینئر کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ کیپٹن سلوا نے بتایا کہ روس کے 2 آبدوز بھی جائے حادثہ کی طرف بڑھ رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹینکر میں 2 لاکھ 70 ہزار ٹن یا تقریباً 2 ملین بیارل خام تیل لے جایا جارہا تھا۔ آگ کے دوبارہ بھڑک اُٹھنے کی اطلاع ہے۔ سری لنکا کے کپتان نے بتایا کہ اس کیلئے ہمیں بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت ہوگی۔ تاحال آگ سے جہاں کے کارگو علاقہ میں کوئی نقصان نہیں ہوا ہے۔