سری نگر: محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہفتے کی صبح رواں موسم سرما کی پہلی برف باری ہوئی۔گرمائی دارلحکومت سری نگر اور دیگر ملحقہ علاقہ جات میں لوگ جب ہفتے کی صبح نیند سے جاگے تو ہر سو سفید چادر بچھ گئی تھی۔میدانوں، پارکوں، سڑکوں اور مکانوں کی چھتوں سے لے کر درختوں، بجلی کے کھمبوں اور تاروں تک برف کی مہین چادر کا قبضہ تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کے بالائی علاقوں میں دوران شب بھاری برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری ہوئی ہے ۔