مرکز کے دو اداروں کی بحالی کی درخواست، صنعتی ترقی میں تلنگانہ حکومت سنجیدہ
حیدرآباد ۔ 9۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے مرکزی وزیر بھاری مصنوعات ایچ ڈی کمارا سوامی سے نئی دہلی میں ملاقات کی اور تلنگانہ میں مرکزی حکومت کے دو اداروں کی بحالی کی درخواست کی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے عوامی شعبہ کے دو ادارے تلنگانہ میں مفلوج ہوچکے ہیں۔ سریدھر بابو نے کہا کہ کانگریس حکومت قومی سطح پر ترقی میں اہم رول ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ صنعتی ترقی کے ذریعہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکتے ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے غیر کارکرد صنعتوں کی بحالی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راما گنڈم فرٹیلائیزرس اینڈ کیمیکل لمٹیڈ پدا پلی کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اسی طرح سمنٹ کارپوریشن آف انڈیا عادل آباد اور اسپانچ آئرن انڈیا لمٹیڈ کتہ گوڑم کو بحال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ریاست کی معیشت اور صنعتی ترقی میں مدد ملے۔ انہوں نے مرکزی وزیر سے خواہش کی کہ دونوں عوامی شعبہ کے اداروں کی بحالی کے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی بحالی سے مقامی افراد کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے ۔ مرکزی وزیر کمارا سوامی نے دونوں صنعتوں کی بحالی کیلئے مثبت اقدامات کا تیقن دیا۔1