واشنگٹن 19 فروری (یو این آئی ) امریکہ کی عظیم ٹینس کھلاڑی سرینا ولیمز نے دنیا کی ٹاپ 10 خواتین ٹینس کھلاڑیوں کی فہرست میں دوبارہ اپنی جگہ بنا لی ہے ۔خواتین ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیوٹی اے ) کی جانب سے پیر کو جاری کی گئی تازہ رینکنگ میں سرینا نے 3406 پوائنٹس کے ساتھ 10 واں مقام حاصل کیا ہے ۔ جاپان کی ناومی اوساکا 6970 پوائنٹس کے ساتھ اس فہرست میں ٹاپ جگہ پر قائم ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ناؤمی نے جمہوریہ چیک کی پیترا کیویتووا کو شکست دے کر سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے خواتین کے سنگلز کا خطاب جیتا تھا۔تازہ ڈبلیوٹی اے رینکنگ میں رومانیہ کی سمونا ہالیپ 5537 پوائنٹس کے ساتھ دوسرا جبکہ امریکہ کی سلوئین اسٹیفنز نے 5307 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔سال 2017 میں ایک بیٹی کو جنم دینے کے بعد سرینا نے پہلی بار دنیا کی ٹاپ 10 خواتین ٹینس کھلاڑیوں کی فہرست میں اپنی جگہ بنائی ہے ۔ سرینا نے ایک ستمبر 2017 کو بیٹی الیکسس اولمپیا کو جنم دیا تھا۔23 بار کی گرینڈ سلیم فاتح سرینا نے حمل کے ابتدائی دنوں میں جنوری 2017 میں آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب جیتا تھا۔ 37 سالہ تجربہ کار ٹینس کھلاڑی نے بیٹی کو جنم دینے کے بعد مارچ 2018 میں انڈین ویلز ٹینس ٹورنامنٹ سے کورٹ میں واپسی کی تھی۔ سرینا کو سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں کارولینا پلسکووا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔