سرینواس یادو اور راجگوپال ریڈی میں تلخ الفاظ کا تبادلہ

   

پارٹی سے انحراف کے مسئلہ پر ایک دوسرے کو نشانہ، اسپیکر کی مداخلت
حیدرآباد۔/17 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی اسمبلی میں وزیر انیمل ہسبینڈری ٹی سرینواس یادو اور کانگریس رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے درمیان تلخ نوک جھونک ہوئی۔ تلنگانہ بجٹ پر مباحث کے دوران کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے کالیشورم پراجکٹ کو نشانہ بنایا اور کہا کہ کالیشورم آبپاشی پراجکٹ ہے یا پھر سیاحتی مرکز اس کی حکومت کو وضاحت کرنی چاہیئے۔ وزیر انیمل ہسبینڈری سرینواس یادو نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ راجگوپال ریڈی کونسی پارٹی میں ہیں اور کب ایوان کو آئیں گے اس بارے میں کوئی نہیں جانتا۔ اس کے جواب میں راجگوپال ریڈی نے کہا کہ ایک پارٹی سے کامیاب ہوکر دوسری پارٹی میں وزارت حاصل کرنے والے اُن پر کیسے تنقید کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی تبدیل کرنے پر وہ استعفی دے کر فیصلہ کریں گے سرینواس یادو کی طرح نہیں جو انحراف کے ساتھ ہی وزارت میں شامل ہوگئے۔ سرینواس یادو نے اس کے جواب میں کہا کہ وہ کار کے نشان پر کامیاب ہوکر وزارت میں شامل ہوئے ہیں۔ اس مرحلہ پر اسپیکر پوچار سرینواس ریڈی نے مداخلت کی اور راجگوپال ریڈی کو صرف بجٹ پر اظہار خیال کرنے کی ہدایت دی۔