سری نگر: جموں وکشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ 8 محرم کے جلوس کی پر امن بر آمدگی جموں وکشمیر کے امن و استحکام کی طرف مارچ کا ایک ار تاریخی سنگ میل ہے ۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا: ‘شیعہ برادری کے لوگ اس کو جموں و کشمیر کی تاریخ میں ایک تاریخی دن سے تعبیر کرتے ہیں جو ان دنوں کی عکاسی کرتا ہے جب یہاں حالات معمول پر تھے ‘۔انہوں نے کہا: ‘اس دن کی حساسیت کو مد نظر رکھتے ہوئے جب ملی ٹنسی کے سائے اور علاحدگی پسندوں کی سیاست نے اس طرح کی تقریبات کا انعقاد نا ممکن بنا دیا تھا، یہ جلوس 33 برسوں کے بعد بر آمد کیا گیا’۔پولیس بیان میں کہا گیا: ‘آج جب زائد از تین دہائیوں کے بعد یہ جلوس بر آمد کیا گیا تو اس سے پر امن اور خوشحال مستقبل کے لئے ہمارا عزم ظاہر ہوجاتا ہے ‘۔موصوف ترجمان نے کہا کہ یہ جلوس صبح 6 بجے شروع ہو کر دن کے 11 بجے اختتام پذیر ہوا چہ جائیکہ جلوس کے لئے صرف دو گھنٹوں کا ہی وقت دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا: ‘ہمارے اہلکار صبح چار بجے سے ہی تعینات تھے اور 5 بجے ہی ناکہ پوائنٹس لگائے گئے تھے ‘۔بیان میں کہا گیا کہ جلوس سے قبل ٹریفک نظام صبح سے ہی بہتر رہا۔