سرینگر میں ایک ہی خاندان کے 5 ارکان کی دَم گھٹنے سے موت

   

سری نگر۔ 5جنوری(سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے مضافاتی علاقہ بمنہ میں سرحدی ضلع کپواڑہ کے ٹنگڈار سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے پانچ اراکین کی دم گھٹنے سے موت واقع ہوئی ہے ۔ مہلوکین میں دو بچے ، دو خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔
یہ واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات کے دوران پیش آیا ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منصور کالونی بمنہ میں ہفتہ کی صبح ایک ہی کنبہ کے پانچ اراکین کو مردہ پایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ خاندان ایک خاتون کے علاج ومعالجہ کے سلسلے میں دوردراز علاقہ ٹنگڈار سے سری نگر آیا ہوا تھا اور منصور کالونی بمنہ میں ایک کمرہ کرایہ پر لیا تھا۔سرکاری ذرائع نے مزید بتایا کہ ظاہری طور پر اس کنبہ کے پانچ اراکین کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا ‘ان کو ہفتہ کی صبح کرایہ کے کمرے میں مردہ پایا گیا۔ انہوں نے ظاہری طور پر گرمی فراہم کرنے والا کوئی آلہ رات بھر چالو رکھا تھا اور نتیجتاً ان کی دم گھٹنے سے موت واقع ہوئی ہے ‘۔