سرینگر: وادی کشمیر میں ٹھٹھرتی سردیوں کا راج جاری رہتے ہوئے سرینگر میں رواں سیزن کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی ہے جب شبانہ درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے ۔ادھر محکمہ موسمیات نے وادی میں 9 اور 10 دسمبر کو برف باری کی پیش گوئی کی ہے ۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق مغربی ہواؤں کی ایک تازہ لہر جموں وکشمیر پہنچ سکتی ہے جس کے نتیجے میں 9 اور 10 دسمبر کو وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے ۔تاہم فی الوقت وادی میں خشک موسم کے ٹھٹھرتی سردیوں کا راج جاری ہے ۔گرمائی دارلحکومت سرینگر میں رواں سیزن کی اب تک سرد ترین رات درج ہوتے ہوئے کم سے کم درجہ حرارت منفی3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جو معمول سے 2.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی3.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 0.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا تھا۔ سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی4.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ کم ریکارڈ ہوا تھا۔