نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( ایمس ) میں کورونا وائرس کے ٹیکہ کی پہلی ڈوز لی اور سبھی لوگوں سے ٹیکہ لگوانے کی اپیل کی ، جو دوسرے مرحلہ کی ٹیکہ کاری مہم کے تحت اس کی اہلیت رکھتے ہیں۔ وزیر اعظم مودی کو پڈوچیری کی رہنے والی سسٹر پی نویدا نے بھارت بایوٹیک کی ویکسین لگائی۔ اس کے بعد وزیر اعظم مودی نے سسٹر نویدا سے کہا کہ لگادی بھی دی ، پتہ ہی نہیں چلا۔وزیر اعظم مودی کو کورونا ویکسین لگانے کے بعد سسٹر نویدا نے میڈیا سے کہا : سر (وزیراعظم مودی ) کو بھارت بایوٹیک کی ویکسین لگائی گئی ہے۔ انہیں دوسری ڈوز 28 دنوں کے بعد لگائی جائے گی۔ انہوں نے ہم سے پوچھا کہ ہم کہاں کے رہنے والے ہیں اور ٹیکہ لگوانے کے بعد انہوں نے کہا کہ لگا بھی دی ، پتہ ہی نہیں چلا۔