سعودی اسکاؤٹس کا پرتگال میں ورثہ اور ثقافتی مظاہرہ

   

ریاض، 4 اگست (ایجنسیز) سعودی عرب کی اسکاؤٹ اسوسی ایشن نے پرتگال میں منعقدہ 16ویں ورلڈ اسکاؤٹ موٹ میں ثقافتی تبادلے کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔اس عالمی ایونٹ میں 118 ممالک کی 7,100 سے زائد اسکاؤٹ تنظیموں نے شرکت کی۔ سعودی وفد نے روایتی قہوہ، علاقائی مردانہ لباس اور مقامی کھانوں کے ذریعے مملکت کی ثقافت کو اجاگر کیا۔ اسوسی ایشن نے روایتی العرضہ رقص اور دیگر لوک فنون بھی پیش کیے، جبکہ ایک تصویری نمائش میں حج و عمرہ زائرین کی خدمت اور ماحولیاتی تحفظ میں سعودی اسکاؤٹس کی خدمات دکھائی گئیں۔ شرکت کا مقصد سعودی نوجوانوں کو عالمی سطح پر نمائندگی کا موقع دینا، قیادت کی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور عالمی اسکاؤٹ تحریک میں سعودی موجودگی کو مضبوط بنانا تھا۔ وفد نے ورلڈ اسکاؤٹ اسکارف ڈے منایا اور دیگر ممالک کے اسکاؤٹس کے ساتھ اسکارف کا تبادلہ کیا۔ورلڈ اسکاؤٹ موٹ ہرچار سال بعد 18 سے 25 سال کے نوجوانوں کے لیے منعقدکیا جاتا ہے، جبکہ 26 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد انٹرنیشنل سروس ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔