سعودی اور دبئی کے مسلمان سے گلے لگ جاتے ہیں مودی مگر…

,

   

کولکاتا : چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی پر درپردہ طنز کرتے ہوئے انہیں مسلمانوں کا مخالف قرار دیا جب کہ وہ مغربی ایشیائی ملکوں میں جاکر میزبانی کے مزہ لوٹتے ہیں ۔چیف منسٹر گزشتہ روز ریاستی دارالحکومت میں مسلم علماء کے ساتھ ایک جلسہ سے خطاب کررہی تھیں ۔ اُن کے حوالے سے نیوز ایجنسی اے این آئی نے بتایا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے طنز کیا کہ وزیراعظم اور اُن کی پارٹی مسلمانوں کے مخالف ہیں لیکن سعودی عرب میں آپ مسلمانوں سے گلے ملتے ہو ۔ اگر دبئی ، یو اے ای جاتے ہو تو وہاںاُن کی میزبانی کا لطف اٹھاتے ہو ۔ آپ اپنے ملک میں ایک بات کہتے ہو اور باہر کچھ اور ۔ ممتا بنرجی نے انڈیا بلاک سے وقف ( مرممہ ) قانون 2025 کیخلاف متحد رہنے اور مل کر جدوجہد کرنے کی اپیل کی ۔ پارلیمنٹ میں اس بل کو منظور کراتے وقت اپوزیشن کی طرف سے شدید احتجاج ہوا اور سخت اعتراضات کئے گئے ۔ ممتابنرجی نے کہا کہ ہمیں پوری ہمت کیساتھ اسی طرح متحد ہوکر آگے بڑھتے رہنا ہوگا ۔ یہ کوئی شخصی معاملہ نہیں ہے ، اس کا اثر سب پر پڑے گا ۔ آج یہ آپ کیخلاف ہورہا ہے ۔ کل یہ کسی اور کیخلاف ہوگا ۔ اب وہ لوگ یو سی سی لانا چاہتے ہیں ، اس دوران مغربی بنگال کے ضلع مرشد آباد میں نئے وقف قانون کیخلاف پیش آئے تشدد کی تحقیقات کیلئے جاری اقدامات کے پس منظر میں چیف منسٹر نے کہا کہ اس معاملہ کی ہر زاویہ سے جانچ کی جائے گی ۔ مرشد آباد کے تشدد میں تین افراد ہلاک ہوئے ۔ اسٹیٹ پولیس نے تشدد کے واقعات کی تحقیقات کیلئے ایک اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی ہے ۔

مرشدآباد کا دورہ ابھی نہ کریں
گورنر سے چیف منسٹر کی اپیل
دریں اثناء مرشدآباد میںحالات خراب ہونے کے بعد ایک بار پھر بنگال حکومت اور گورنر ہائوس آمنے سامنے ہے ۔گورنر سی وی آنند بوس نے ‘بے گھر رہائشیوں سے ملاقات کرنے کیلئے جمعرات کو مرشد آباد کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس کا اعلان سب سے پہلے بی جے پی کے ریاستی صدر اور مرکزی وزیر سوکانت مجمدار نے کیا۔ دراصل گورنر جمعرات کی رات مرشد آباد پہنچ جائیں گے ۔ وہ رات ڈسٹرکٹ سرکٹ ہاؤس میں گزاریں گے اور جمعہ کو مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے ۔