سعودی حکومت نے کیرالا کے خاندان کو غلط نعش حوالے کی

   

سوگواروں کو 28 سالہ رفیق احمد کے بجائے ایک خاتون کی نعش ملنے پر صدمہ
تھرواننتاپورم 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک صدمہ انگیز واقعہ میں 28 سالہ رفیق احمد کے رشتہ داروں کو جو گزشتہ ماہ سعودی عرب میں قلب پر حملے کے باعث انتقال کرگئے تھے، اُس وقت صدمہ پہونچا جب اُنھیں ایک خاندان کی نعش حوالے کی گئی۔ سعودی عرب سے بھیجے گئے تابوت کو جب رشتہ داروں نے کھولا تو اِس میں رفیق کی نعش کے بجائے ایک خاتون کی نعش پائی گئی۔ کیرالا کے دارالحکومت تھرواننتاپورم سے 90 کیلو میٹر دور کونی مقام کو یہ تابوت پہنچائی گئی تھی۔ رشتہ داروں نے اپنے عزیز کی نعش وصول کرتے ہوئے جب تابوت کھولا تو رفیق کے بجائے ایک نامعلوم خاتون کی نعش پائی گئی۔ اِس واقعہ سے مقامی پولیس اسٹیشن کو فوری طور پر واقف کرایا گیا۔ رفیق 28 فروری کو سعودی عرب میں انتقال کرگئے تھے۔ اِن کی نعش ہندوستان کے حوالے کرنے میں تاخیر ہوئی۔ کل رات جب تابوت یہاں پہنچا تو رشتہ داروں کی موجودگی میں اسے کھولا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ تابوت میں موجود نامعلوم خاتون کی نعش سری لنکائی شہری کی دکھائی دیتی ہے۔ اِس خاتون کی نعش کوٹائم میڈیکل کالج کے مردہ خانہ میں محفوظ کردیا گیا ہے۔ اِسے واپس بھیجنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔