ٹورنٹو ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں زیر تعلیم ایک سعودی طالب علم عیسیٰ یحییٰ عداوی کے کینیڈا اور امریکہ کی سرحد پر بلند ترین آبشار ’’نیاگرا‘‘ میں گر کر لاپتہ ہونے کے واقعہ سے اس کا خاندان گہرے صدمے سے دوچار ہے۔یحییٰ عداوی کے بھائی قاسم عداوی نے ‘العربیہ ڈاٹ نیٹ’ سے بات کرتے ہوئے واقعہ کی تفصیلات بتائیں۔ اس نے بتایا کہ ’’عیسٰی تین بچوں 12 سالہ عبداللہ، 10 سالہ ارجوان اور 8 سالہ محمد اور اپنی اہلیہ کو نیاگرا آبشار کے قریب چھوڑ کر آبشار کو قریب سے دیکھنے چلا گیا۔ اس کے بیوی بچے دو گھنٹے انتظار کرتے رہے مگر وہ واپس نہیں لوٹا۔ جب انتظار کی وجہ سے پریشانی مزید بڑھی تو اس کی بیوی نے عینی شاہدین سے پوچھ گچھ شروع کی۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اْنہوںآ نے مقامی وقت کے مطابق دن 10 بجے ایک شخص کو نیاگرا آبشار میں گرتے دیکھا۔ اس کے بعد خاتون نے فورا پولیس اور سیکیورٹی حکام کو مطلع کیا جنہوں نے لاپتہ ہونے والے سعودی شہری کی تلاش شروع کر دی ۔