سعودی عرب اور روس کے درمیان تاریخی معاہدہ

   

ریاض، 2 دسمبر (یو این آئی) سعودی عرب اور روس نے گزشتہ روز ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس میں دونوں ممالک کے شہریوں کو ویزا فری انٹری کی اجازت دی گئی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاض میں سعودی، روسی انویسٹمنٹ اینڈ بزنس فورم کے دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان جبکہ روس کی جانب سے نائب وزیر اعظم الیگزینڈر نوواک نے اس اہم معاہدے پر دستخط کیے ۔ رپورٹس کے مطابق وزیر توانائی اور سعودی روسی مشترکہ کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اور توسی نائب وزیر اعظم الیگزینڈر نوواک بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اس معاہدے کے بعد دونوں ملکوں کے پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو سیاحت، کاروبار یا فیملی وزٹ کیلئے ویزا فری انٹری کی اجازت ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق استثنیٰ کی اجازت ایک کیلنڈر سال کے اندر مجموعی طور پر 90 دن کیلئے ہوگی۔ یہ تاریخی معاہدہ، سفر کو آسان بنانے اور لوگوں کے درمیان قریبی روابط کو فروع دینے کیلئے دونوں ملکوں کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ اس اقدام سے متعدد شعبوں میں اقتصادی اور ثقافتی تعاون کو تقویت ملے گی اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔ واضح رہے کہ اس استثنیٰ کا اطلاق، ورک، سٹڈی، رہائش یا حج کیلئے نہیں ہوتا، اس کیلئے مخصوص ویزا درکار ہوگا۔