ریاض ؍ بغداد : سعودی عرب اور عراق کے درمیان طویل عرصے بعد اپنی نوعیت کے پہلے دفاعی اور سکیورٹی معاہدے کیلئے ایک یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔عراق کی سرکاری نیوز ایجنسی ’آئی این اے‘ کے مطابق اتوار کو سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود اور ان کے عراقی ہم منصب عبدالامیر الشمری نے سعودی دارالحکومت ریاض میں ایک سکیورٹی پروٹوکول پر دستخط کیے۔ یہ 1983ء کے بعد اپنی نوعیت کا پہلا موقع ہے جب دونوں ملکوں نے ایک سکیورٹی تعاون کی یاداشت پردستخط کیے ہیں۔ میڈیا کی جانب سے شائع کردہ ایک سرکاری بیان کے مطابق “دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے ایک سکیورٹی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، جو تقریباً چار دہائیوں میں اپنی نوعیت کا پہلا موقع “ہے۔ یاداشت پر دستخط سے چند گھنٹے قبل عراقی وزیرداخلہ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچے تھے۔بیان میں یہ کہا گیا ہے کہ “اس یادداشت میں سکیورٹی تعاون کی مختلف شکلیں، ویژن کا تبادلہ اور عراق اور سعودی عرب کیلئے مزید سکیورٹی تعاون کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ سکیورٹی کام کو فعال کرنا شامل ہے۔”سعودی وزیر داخلہ نے اس بات پر زور دیا کہ بغداد حکام کے ساتھ ان کی ملاقات میں سلامتی سے متعلق تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان مشترکہ ورکنگ کے تسلسل کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔