ریاض ۔ سعودی عرب نے بیرون ملک موجود مقیم غیرملکیوں کے اقاموں اور خروج وعودہ میں توسیع کر دی۔ سعودی پریس ایجنسی نے ایک شاہی حکم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سفری پابندی کا شکار ممالک میں پھنسے ہوئے تارکین وطن کے اقاموں اور ویزٹ ویزہ میں میں بلامعاوضہ توسیع کر دی گئی ہے۔ وہ مقیم غیرملکی جو سفری پابندیوں کی وجہ سے مملکت نہیں آسکتے ان کے اقاموں (ریذیڈنسی پرمٹ) ، ایگزٹ آور ری انٹری ویزوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک کے وزٹ ویزوں میں 30 نومبر 2021 تک توسیع کر دی گئی ہے۔ محکمہ پاسپورٹ کے جنرل ڈائریکٹوریٹ (جوازات) نے تصدیق کی ہے کہ توسیع قومی معلومات مرکز کے تعاون سے خود بخود ہو جائے گی۔ فی الحال سفری پابندی کا سامنا کرنے والے ممالک میں بھارت ، پاکستان ، انڈونیشیا ، مصر ، ترکی ، برازیل ، ایتھوپیا ، ویت نام ، افغانستان اور لبنان شامل ہیں۔