مسجد الحرام اور مسجد نبوی ؐ میں نمازِ عیدالاضحی کے سب سے بڑے اجتماعات
ریاض :سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور دیگر خلیجی ریاستوں میں عید الاضحیٰ آج پورے خشوع و خضوع کے ساتھ منائی گئی۔ ۔مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبویؐ مدینہ منورہ میں کثیر تعداد میں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی۔ دوسری جانب برطانیہ، کینیڈا اور امریکہ میں اس بار بھی کمیونٹیز تقسیم ہیں، بعض افراد نے آج عید کی خوشیاں منائی اور بعض کل عید منائیں گے۔شیطان مسلمانوں میں تفرقہ چاہتا ہے، ایسی ہرچیز جس سے اتحادٹوٹے دور رہنے کا اسلام میں حکم دیا گیا ہے۔پاکستان میں بھی کل عید منائی جائے گی۔ دوسری جانب حجاج کرام آج بڑے شیطان کی رمی کر رہے ہیں، قربانی کرکے سر منڈوائیں گے اور احرام کھول دیں گے۔ پھر طواف و زیارت کریں گے۔ صفا اور مروہ کے درمیان عام لباس میں سعی کریں گے۔حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے کے بعد لاکھوں حجاج کرام گزشتہ رات مزدلفہ پہنچے تھے۔مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نے کہا کہ مسلمانوں کا آپس میں مل کر رہنا ضروری ہے۔ تفرقے سے دور رہنے کا حکم ہے۔ جھگڑا کرنے والوں کو سمجھایا جائے،آپس میں اتفاق واتحادپیدا کرنا معاشرے، خاندان اور ہر فردکی ذمہ داری ہے۔شیخ یوسف بن محمدکا کہنا تھا کہ حکم دیا گیا ہے کہ نماز ادا کی جائے، زکوٰۃ دی جائے، غریبوں کی مدد کی جائے، حج بھی ارکان اسلام میں سے ایک رکن ہے۔ اللہ کی عبادت ایسے کرو کہ وہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔ کسی عربی کو عجمی پر اور عجمی کو عربی پر فضیلت حاصل نہیں جس طرح اس مہینے کی حرمت ہے اسی طرح جان مال کی حرمت ہے۔ دن رات کا آناجانا اللہ تعالی کی نشانیاں ہیں۔ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو، اللہ کی حدود کی حفاظت کا مطلب ہے کہ ہم صرف اللہ کی عبادت کریں، ہر نبی نے یہ ہی دعوت دی کہ ایک اللہ کی عبادت کرو، نماز ، روزہ ، زکوٰۃ اور حج کا حکم اللہ نے دیا ہے۔عیدالاضحی کے موقع پر مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبویؐ مدینہ منورہ میں نماز عید کے دنیا کے سب سے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔
آج حجاج کرام احرام کھول دینگے۔حجاج کرام نے مزدلفہ پہنچ کر مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کیں اور رات کو وہیں پر قیام کیا۔پشاور میں افغان مہاجرین نے آج عیدالاضحیٰ منا ئی۔دوسری جانب دبئی میں اماراتی روایت کے مطابق توپ کے دو گولے داغ کر عید کا اعلان کیا گیا۔