سعودی عرب میں 4 نئے اقتصادی زونز کا آغاز

   

ریاض : سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جمعرات کو چار خصوصی اقتصادی زونز کے آغاز کا اعلان کردیا جس سے سعودی معیشت کو ترقی دینے اور متنوع بنانے اور سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے کی خواہش کی عکاسی ہوتی ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس اقدام سے خادم حرمین شریفین کی قیادت میں سعودی عرب کی عالمی سرمایہ کاری کی ایک سرکردہ منزل کے طور پر قدر و منزلت نمایاں ہوتی ہے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ یہ خصوصی اقتصادی زونز ترقی کے نئے افق کھولیں گے۔ ان اقتصادی زونز سے ہر خطے کے مسابقتی فوائد پر انحصار کرتے ہوئے اہم اور امید افزا شعبوں کو سپورٹ ملے گی۔ اس سے لاجسٹکس، صنعت، ٹیکنالوجی اور مملکت کیلئے دیگر اہم شعبے فائدہ اٹھائیں گے۔ اقتصادی زونز ریاض، جازان، راس الخیر اور جدہ کے شمال میں اقتصادی شہر کنگ عبداللہ سٹی میں قائم کیے جائیں گے۔ یہ سب اہم سٹریٹجک مقامات ہیں۔شہزادہ محمد بن سلمان نے وضاحت کی کہ خصوصی اقتصادی زونز قانون سازی کے نظام اور اقتصادی سرگرمیوں کیلئے خصوصی ضوابط سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ یہ بات ان زونز کو دنیا کے سب سے زیادہ مسابقتی بنا دے گی تاکہ سب سے اہم معیاری سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے۔ اس سے مقامی معیشت کی ترقی کیلئے زبردست مواقع ملیں گے۔ روزگار کے مواقع، صنعتوں کی تخلیق، ٹیکنالوجی کی منتقلی، اور لوکلائزیشن کی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ سعودی ’’ویڑن 2030‘‘ کیتحت یہ اقدام سعودی کمپنیوں کو سپلائی چین کی تمام سطحوں اور مختلف شعبوں میں خصوصی اقتصادی زونز کے ذریعے اضافی ویلیو سے فائدہ اٹھانے کی اجازت دے گا۔