سعودی عرب میں اندرون ہفتہ21 ہزار غیرقانونی تارکین گرفتار، 10 ہزار سے زیادہ بے دخل

   

ریاض : سعودی عرب میں ایک ہفتے کے دوران اقامہ، لیبر اور سرحدی خلاف ورزی پر مزید 21 ہزار222 غیر قانونی تارکین کو حراست میں لیا گیا ہے۔ میڈیا نے وزارت داخلہ کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا 13 سے 19 فروری 2025 تک مجموعی طور پر 13 ہزار202 افراد کو اقامہ قانون، 4 ہزار 911 کو سرحدی امن قانون اور 3 ہزار109 تارکین کو قانون محنت کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے۔مملکت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کے الزام میں ایک ہزار376 افراد کو حراست میں لیا گیا، ان میں سے 40 فیصد یمنی، 58 فیصد ایتھوپین اور 2 فیصد دیگر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔علاوہ ازیں 86 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا ہے جو سرحد پار کرکے مملکت سے نکلنے کی کوشش کررہے تھے۔اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 22 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ’40 ہزار519 غیر قانونی تارکین کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان میں سے 36 ہزار 213 مرد اور4 ہزار306 خواتین ہیں۔