سعودی عرب میں تمام عہدیداروں کی ادائیگی حج پر پابندی

   

Ferty9 Clinic

جاریہ سال حاجیوں کا انتخاب آن لائین عمل میں آیا جس میں عازمین کی جسمانی صحت اور عمر کو ملحوظ رکھا گیا

ریاض۔ سعودی عرب میں اس سال کوئی بھی سرکاری و حکومتی عہدیدار حج کی سعادت حاصل نہیں کر پائے گا۔ خادم حرمیں شریفین کی جانب سے رواں حج میں عہدیداروں کی شرکت پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ یہ بات سعودی وزیر حج ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے میڈیا سے بات چیت کے دوران بتائی۔ ڈاکٹر بنتن کا کہنا تھا کہ اس بار شاہی فرمان کی روشنی میں کسی عہدیدار کو حج کا موقع نہیں دیا جا رہا ہے۔حج پر اس پابندی کا اطلاق تمام سفارتکاروں، دیگر ممالک کے نمائندوں اور سربراہانِ مملکت پر بھی ہو گا۔ اس بار حج کی سعادت حاصل کرنے والوں میں 70 فیصد مملکت میں مقیم تارکین وطن ہوں گے جبکہ 30 فیصد عازمین حج سعودی باشندے ہیں، جن کا تعلق محکمہ صحت سے ہے، یہ افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہو چکے ہیں۔اس بار حاجیوں کا انتخاب آن لائن کیا گیا، جس میں شفافیت اور جسمانی صحت اور عمر کو بھی سامنے رکھا گیا ہے۔ عازمین حج کا پہلا قافلہ مکہ مکرمہ پہنچ گیا ہے، حج کرنے والوں کی خدمت کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے، تفصیلات کے مطابق اندرون سعودی عرب سے عازمین حج کا پہلا قافلہ جمعہ کو مکہ مکرمہ پہنچ گیا ہے۔ وزارت حج و عمرہ کے اعلی عہدیداروں نے محکمہ شہری ہوابازی کے تعاون سے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پر قصیم سے آنے والے عازمین حج کا خیرمقدم کیا گیا۔