وندے بھارت مشن کے تحت خصوصی پروازیں جاری
ریاض (کے این واصف): سعودی عرب میں کوروناوائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے نافذ لاک ڈاؤن کے خاتمہ کے بعد حالات بتدریج معمول پر آرہے ہیں۔ تاہم بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے حوالہ سے اب تک کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا۔ صرف چند خصوصی پروازوں کے ذریعہ مختلف ممالک کے خارجی باشندوں کو ان کے ممالک روانہ کیا جارہا ہے جنہیں کوئی ایمرجنسی صورتحال درپیش ہے۔ واضح رہیکہ ہندوستانی باشندوں کیلئے حکومت ہند ’’وندے بھارت مشن‘‘ کی خصوصی پروازیں چلارہی ہے۔ ان حالات میں شدید بے چینی ان خارجی باشندوں میں پائی جاتی ہے جو سعودی عرب یا خلیجی ممالک سے بین الاقوامی پروازوں کے منسوخ کئے جانے سے قبل اپنے وطن چھٹی پر گئے تھے اور اپنی ملازمت پر واپس نہیں آ سکے۔ یہ لوگ بیروزگاری کی حالت میں کورونا وباء سے بگڑے ہوئے حالات کا سامنا کرتے ہوئے اپنے وطن میں پریشان حال ہیں۔ ان خارجی باشندوں کی دوسری پریشانی یہ ہے کہ وطن میں رہتے ہوئے ان کی ویزوں کی مدت بھی ختم ہوگئی ہے۔ ان غیرملکیوں کو کچھ راحت اس وقت حاصل ہوئی جب سعودی عرب میں ایوان شاہی کی جانب سے مملکت سے باہر گئے ہوئے غیرملکیوں کے اقاموں (Work Permit) اور خرون و عودہ (Exit Re-Entry) کی مدت میں تین ماہ کی بغیر کسی فیس کے توسیع کی گئی اور ہوسکتا ہیکہ ویزوں کی میعاد ختم ہونے والے خارجی باشندوں کے ساتھ مملکت مزید کچھ ہمدردانہ اقدام کرے گی تاکہ خارجی باشندے اپنی ملازمت پر واپس آسکیں۔ تاہم یہ بات یقینی ہیکہ وہ افراد جو مملکت سے باہر گئے ہوئے ہیں ان کی واپسی اسی وقت ممکن ہوگی جب بین الاقوامی پروازوں کی بحالی عمل میں آئے گی۔ پروازوں کی بحالی کے ساتھ ہی حکام کی جانب سے واپس آنے والوں کیلئے حتمی طریقہ کار وضع کیا جائے گا لیکن سنا یہ بھی جارہا ہیکہ خلیجی ممالک جب بین الاقوامی پروازوں کی آمد پر سے پابندی اٹھائیں گے تو ایسے ممالک جہاں کورونا وباء کی صورتحال اب بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے یا کنٹرول میں نہیں آئی ہے ان ممالک سے پروازوں کو سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ خلیجی ممالک میں کام کرنے والے غیرملکیوں میں بڑی تعداد ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال اور فلپائن کے باشندوں کی ہے اور ان ممالک میں کورونا وباء کی صورتحال اب بھی اطمینان بخش نہیں ہے۔